بھکر: تھل یونیورسٹی کے قیام کی اصولی منظوری

وقار النسا کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دے دیا گیا

فوٹو: فائل


لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھکر میں تھل یونیورسٹی کے قیام کی اصولی منظوری دے دی۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ نے تھل یونیورسٹی بھکر کے قیام کے حوالے سے محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب کی سمری منظور کر لی۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کے قیام سے ضلع بھکر اور اس کے گرد و نواح کے علاقوں کے طلبا و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کی سہولت ان کی دہلیز پر ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ بھکر اور قریبی علاقوں کے طلبا و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کیلئے بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھکر میں یونیورسٹی آف سرگودھا کے سب کیمپس کو یونیورسٹی آف تھل کے سٹی کیمپس میں تبدیل کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق بھکر میں یونیورسٹی آف سرگودھا کا سب کیمپس 108 کنال اراضی پر مشتمل ہے، 200 سے 300 ایکڑ اراضی پر بھکر میں تھل یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر بھکر کو تھل یونیورسٹی کیلئے اراضی کی جلد سے جلد نشاندہی کی ہدایت کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تھل یونیورسٹی کے قیام کیلئے بل کا مسودہ فی الفور تیار کیا جائے، تحریک انصاف کی حکومت کیلئے تعلیم کے شعبہ کی بہتری اولین ترجیح ہے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے تعلیمی بجٹ میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں خاطرخواہ اضافہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق ادوار میں تعلیم کے شعبہ کے حوالے سے زبانی جمع خرچ زیادہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ایک برس کے دوران صوبے میں 8 یونیورسٹیاں اور 5 انسٹی ٹیوٹس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

عثمان بزدار نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع دے کر انہیں بااختیار بنا رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں