حکومت کے خلاف حزب اختلاف متحد ہے، بلاول

فوٹو: فائل


لاہور: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت کے خلاف حزب اختلاف متحد ہے، سب مل کر اس حکومت کو گھر بھیجیں گے۔

پارٹی رہنما جہانگیر بدر کی رہائش گاہ پر کارکنوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان صاحب کا دھرنا بھی چل رہا یے، ہم بھی عوام میں ہیں۔

ذرائع کے مطابق انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ ملک پر کڑا وقت ہے اور حکومت نے ملک کو مسائل کی نذر کر دیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہم سڑکوں پر ہیں، وسطی پنجاب میں بھی آئیں گے، ہمارا جھنڈا ہر جگہ لہرائے گا۔

انہوں نے ہدایت دی کہ پارٹی کارکن متحد رہیں اور رابطہ عوام مہم کی تیاری کریں۔

آزادی مارچ

مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں 31 اکتوبر سے اسلام آباد کے ایچ نائن سیکٹر میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کا حکومت مخالف آزادی مارچ جاری ہے۔

مارچ کے شرکاء نے کئی روز سے دھرنا دیا ہوا ہے جن کا مطالبہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان استعفیٰ دیں اور ملک میں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں۔

معاملے کے حل کے لیے حکومت اور حزب اختلاف کی جماعتوں کی کمیٹیوں کے درمیان مذاکرات بھی ہوئے ہیں تاہم ان میں ڈیڈ لاک برقرار ہے۔

پی پی پی نے ابتدا میں آزادی مارچ کی حمایت کا اعلان کیا تاہم وفاقی دارالحکومت میں دھرنے کی حمایت کرنے میں پچکچاہٹ کا شکار ہے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا تھا کہ جے یو آئی (ف) کے دو اہم اتحادیوں یعنی پی پی پی اور مسلم لیگ نواز نے دھرنے میں شرکت سے انکار کردیا ہے۔

 


متعلقہ خبریں