عمران خان کے سر پر تاج رکھنے والے بہت پریشان ہیں، سراج الحق

حکومت کو موقع دینے والے اب نجات کی دُعائیں مانگ رہے ہیں، سینیٹر سراج الحق

فوٹو: فائل


مالاکنڈ: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے سر پر تاج رکھنے والے بہت پریشان ہیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے مالاکنڈ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا ایجنڈا ایک ہی ہے، مسلمان عالمی دجال کے خلاف حالت جنگ میں ہیں اور کفر کے خلاف میدان میں نکلنا افضل جہاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عقیدہ توحید پر یقین رکھتی ہے اور حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت ہماری زندگی کا حصہ ہے، اب فرنگیوں کے نظام کاخاتمہ ہونا چاہیے۔

مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر بات کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کشمیر میں کرفیو سے عوام کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے اور حکومت کی جانب سے کشمیر کے معاملے پر آدھا گھنٹہ احتجاج افسوسناک ہے۔ ایک جانب کشمیر پر وحشیانہ ظلم دوسری جانب کرتارپور کا جشن منایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم باطل کے آگے سرجھکانے اور کشمیر کی سودا کرنے کو تیار نہیں ہیں، مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کو سب سے زیادہ جماعت اسلامی سے خطرہ ہے۔ اب  ہندوستان کے بنائے گئے نقشے میں گلگت بلتستان بھی شامل ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے مودی کو قاضی تسلیم کر لیا ہے اور عمران زرداری حکومت میں کوئی فرق نہیں رہا۔ ہماری خارجہ پالیسی بری طرح سے ناکام ہو گئی ہے، حکومت رات گئی بات گئی پالیسی پر عمل پیرا ہے جبکہ تبدیلی کے نام پر اپنے کارکنوں کو دھوکہ دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں مولانا فضل الرحمان خالی ہاتھ واپس نہیں جائیں گے، سینئر صحافی

سراج الحق نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی کے ذریعے نتائج تبدیل کیے گئے تھے تاہم جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے کر کامیابی حاصل کرے گی۔


متعلقہ خبریں