صحت تشویشناک، نواز شریف کو سفر کی اجازت نہ مل سکی


لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف کی تشویشناک حالت کے پیشِ نظر حکومت کی جانب سے انہیں بیرون ملک سفر کی اجازت نہیں دی گئی۔

ذرائع کے مطابق  نوازشریف کے پلیٹلٹس خطرناک حد تک کم ہونے کے باعث وہ اب تک گھر میں قائم انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ہیں، جبکہ ان کا نام تاحال ای سی ایل میں موجود ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شریف فیملی نے غیر ملکی ائیر لائن سے لندن کےلئے ٹکٹیں بک کرا رکھی ہیں، نوازشریف کے ہمراہ شہبازشریف اور ڈاکٹر عدنان نے بھی لندن جانا ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق نوازشریف کی لندن روانگی کی سمری وزارت قانون کو موصول ہو گئی ہے۔

دوسری جانب وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کے روز ہو گا  جس میں نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ کیا جائےگا۔

ذرائع کے مطابق شریف فیملی حکومت کی جانب سے اجازت کی منتظر ہے جیسے ہی اجازت ملے گی نوازشریف روانہ ہو جائیں گے۔

اس ضمن میں بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے پلیٹلٹس بڑھانے کے لئے گذشتہ روز سٹیرائیڈز کی خوراک دی گئی تھی جو بار بار نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا جا سکا، ان کے علاج کے لئے ایک ایک لمحہ قیمتی ہے۔

مریم اورنگزیب نے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی حادثہ کی صورت میں نواز شریف کو بیرون ملک منتقل کرنا ناممکن ہو جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں کے مطابق وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ نواز شریف کی زندگی کے ساتھ خطرات بڑھتے جا رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں