نیا پاکستان: ٹماٹر ڈالر سے بھی مہنگا ہو گیا


اسلام آباد: نئے پاکستان میں مہنگائی نے عوام پر کاری ضرب لگائی ہے اور ٹماٹر ڈالر سے بھی مہنگا ہو گیا ہے۔

کراچی میں ٹماٹر کی قیمت سن کر شہریوں کے ہوش اڑ گئے، فی کلو قیمت 250 رپے تک جا پہنچی جب کہ سرکاری لسٹ میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت 85 روپے ہے۔

شہر قائد میں مٹر کی قیمت 180 سے بڑھ کر 250  روپے فی کلو ہوگئی ہے۔

لاہور میں بھی سبزیوں کے من مانے دام وصول  کیے جانے لگے ہیں، ٹماٹر 165 سے بڑھ کر 190 اور 240 روپے فی کلو بیچے جا رہے ہیں جب کہ آلو کی فی کلو قیمت 55 سے بڑھ کر 70 اور پیاز کی 65 سے 90 روپے ہوگئی ہے۔

330 روپے فی کلو والی ادرک 360 روپے فی کلو فروخت ہونے لگی ہے۔

ملتان اور سرگودھا میں ادرک فی کلو 400 روپے میں بکنے لگی ہے جب کہ ٹماٹر 120 سے بڑھ کر 160 ، پیاز 70 سے بڑھ کر80  روپے فی کلو ہوگیا ہے۔

پشاور میں بھی مہنگائی کے سائے بڑھنے لگے ہیں،  ٹماٹر80 کی بجائے 120، پیاز 50 کی بجائے 90 روپے فی کلو میں دستیاب ہیں۔ مٹرکی قیمت  90 سے بڑھ کر 140 روپے ہوگئی ہے۔

کوئٹہ میں  بھی سبزیاں عوام کی دسترس سے باہر ہیں، ٹماٹر 130، بھنڈی 150 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہے ہیں۔

خیرپور میں ٹماٹر نے ڈبل سنچری مکمل کرلی ہے اور جھنگ میں ٹماٹر 160 روپے سے بڑھ کر 220 روپے فی کلو کے ہو گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں