مسلم لیگ ن کی مرکزی جنرل کونسل کا اجلاس آج


لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی جنرل کونسل کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہو رہا ہے۔ جہاں شہباز شریف کو مستقل پارٹی صدر بنانے کے فیصلے کی توثیق کی جائے گی۔

ہم نیوز کو دستیاب اطلاعات کے مطابق مرکزی جنرل کونسل کے اجلاس میں نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز سمیت اہم رہنما شریک ہو رہے ہیں۔

غالب امکان ہے کہ وفاقی دارالحکومت کے کنونشن سینٹر میں منعقد ہونے والے اجلاس کے دوران  شہباز شریف کو پارٹی صدر مقرر کیا جائے گا۔ انہیں گزشتہ ماہ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے پارٹی کا قائم مقام صدر بنایا تھا۔

اجلاس سے ن لیگ کے مرکزی قائدین خطاب کریں گے اور پارٹی کے آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی غورکیا جائے گا۔

گزشتہ ماہ مسلم لیگ ن کے سابق سربراہ نواز شریف کو سپریم کورٹ نے پارٹی سربراہ کی حیثیت سے نااہل قرار دیا تھا، جس کے باعث پارٹی کا عہدہ صدارت خالی ہوگیا تھا۔ شہباز شریف کو پارٹی کا قائم مقام صدر بنایا گیا تھا تاہم آج کے اجلاس میں پارٹی کے مستقل صدر کا چناؤ ہوگا۔

ن لیگ کی جنرل کونسل کا اجلاس ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب اسے پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے اتحاد کے ہاتھوں سینیٹ انتخاب میں شکست اٹھانا پڑی ہے۔


متعلقہ خبریں