شاہد خاقان کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے کا اقدام عدالت میں چیلنج

فوٹو: فائل


سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے اپنے پروڈکشن آڈر جاری نہ کرنے کا اقدام لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔

وکیل رانا اسد اللہ خاں ایڈوکیٹ کے ذریعے دائر کی گئی درخواست کے متن میں درج ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے دیگر ارکان اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے لیکن شاہد خاقان عباسی کو نظر انداز کیا گیا۔

عدالت کو بذریعہ تحریر آگاہ کیا گیا کہ متعدد بار اسپیکر قومی اسمبلی کو عرضی لکھی لیکن پروڈکشن آرڈر جاری نہیں ہوئے۔ درخواستگزار نے موقف اپنایا کہ آئین کے تحت سب شہری برابر ہیں ان سے امتیازی سلوک نہیں کیا جا سکتا۔

شاہد خاقان عباسی نے استدعا کی ہے کہ عدالت پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا حکم دے کیوں کہ آئین میں امتیازی سلوک کی کوئی گنجائش نہیں اور ایسا کرنا آئین کی نفی ہے۔

انہوں نے استدعا کی ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے سے این اے 124 کے ووٹرز نمائندگی سے محروم ہیں۔

خیال رہے کہ جیل میں قید سیاست دانوں کے لیے پروڈکشن آرڈر اس لیے جاری کیے جاتے ہیں کہ وہ قومی و صوبائی اسمبلی میں اپنے حلقے کی نمائندگی کر سکیں۔

ن لیگ کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو نیب نے ایل این جی کیس میں گرفتار کیا ہے اور ان پر اربوں روپے کرپشن کا الزام ہے۔


متعلقہ خبریں