ٹڈی دل نے کراچی کے مضافاتی علاقے سے شہر کا رخ کرلیا


کراچی: فصلوں اور باغات کو تیزی سے نقصان پہنچانے والے حشرات الارض  ٹڈی دل نے اندرون سندھ اور بلوچستان کے بعد کراچی کا رخ کرلیا۔

ٹڈی دل نے گزشتہ روز کراچی کے مضافاتی علاقے ملیر میں فصلوں پر حملہ کردیا تھا۔ آج صبح سے ٹڈ ی دل شہر کے مختلف علاقوں بشمول  بہادرآباد، بلوچ کالونی اور ٹیپو سلطان روڈ  پر جھنڈ میں منڈلاتے اور اڑتے دکھائی دے رہے ہیں۔ صورتحال دیکھ کر شہری پریشان ہوگئے ہیں۔

ٹڈیوں کے جھنڈ نیشنل اسٹیڈ یم بھی پہنچ گئے جس کے وجہ سے سندھ اور سوئی ناردرن گیس کمپنی کے درمیان کھیلا جانے والا کرکٹ میچ بھی روکنا پڑا۔

دوسری جانب سندھ سرکار نے ٹڈی دل کے حملے کی تمام تر ذمہ داری وفاق پر عائد کردی ہے۔ صوبائی وزیر زراعت اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ پلانٹ پروٹیکشن کا محکمہ وفاق کے ماتحت ہے۔اگر پلانٹ پروٹیکشن کا عملہ وقت پر اسپرے کرتا تو صورتحال مختلف ہوتی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: تیسرے شخص میں نیگلیریا کی تشخیص

صوبائی وزیر نے اتنے سنگین مسئلے کا مذاق اڑا تے ہوئے کہا کہ ٹڈیاں کراچی کے شہریوں کے پاس خود آئیں ہیں، وہ اس کا فائدہ اٹھائیں۔ شہری اس کی کڑھائی اور بریانی بناکر کھا سکتے ہیں۔

صوبائی وزیر اسماعیل راہو  نے دعویٰ کیا کہ جہاں جہاں سے ٹڈی دل کے حملے کی اطلاع ملتی ہے وہاں اسپرے کرایا  جارہا ہے۔

ڈائریکٹر پلانٹ پروٹیکشن طارق خان نے ہم نیوز سے گفتگو میں کہا کہ ٹڈی دل بلوچستان کے راستے کراچی میں داخل ہوئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری خوف زدہ نہ ہوں، ٹڈی دل شہریوں کے لئے بے ضرر ہیں۔

طارق خان نے بتایا کہ ٹڈی دل کے خلاف  ملیر میں اسپرے کرنے کا عمل شروع کردیا ہے۔


متعلقہ خبریں