حکومت نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا اختیار رکھتی ہے، نیب

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ نواز کے قائد میاں نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) س نکالنے کے معاملے پر قومی احتساب بیورو (نیب) نے جواب وزارت داخلہ کو بھجوادیا۔

اپنے جواب میں نیب کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نواز شریف کا نام ہٹانے کا اختیار رکھتی ہے۔

نیب ذرائع کے مطابق چند کیسز میں وفاقی حکومت نے ادارے سے پوچھے بغیر نام ای سی ایل سے نکالے ہیں۔

اس سے قبل سابق وزیر اعظم کی تشویشناک حالت کے پیشِ نظر حکومت کی جانب سے انہیں بیرون ملک سفر کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کے پلیٹلٹس خطرناک حد تک کم ہونے کے باعث وہ اب تک گھر میں قائم انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ہیں، جبکہ ان کا نام تاحال ای سی ایل میں موجود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شریف فیملی نے غیر ملکی ائیر لائن سے لندن کےلئے ٹکٹیں بک کرا رکھی ہیں، نوازشریف کے ہمراہ شہباز شریف اور ڈاکٹر عدنان نے بھی لندن جانا ہے۔

گورنر پنجاب محمد سرور نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ ن لیگی قائد کا نام آج ای سی ایل سے نکال دیا جائے گا جس کے بعد وہ علاج کے لئے جہاں جانا چاہیں جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی صحت کے بارے میں سب فکر مند ہیں اور اس سلسلے میں کوئی سیاست نہیں کررہے۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم کی صحت سے متعلق ایک میڈیکل بورڈ بنایا گیا کیوں کہ ہم اس حوالے سے کوئی رسک نہیں لینا چاہتے تھے۔


متعلقہ خبریں