آج ملک کا ہر طبقہ پریشانی کا شکار ہے, سینیٹر سراج الحق


اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ آج اس ملک کا ہر طبقہ پریشانی کا شکار ہے، موجودہ نظام میں رہ کر بغاوت نہ کرنا منافقت ہوگی۔

اسلام آباد میں مزدور کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایوانوں سے چوراہوں تک مزدور کی بات کرتی ہے۔ ایوانوں میں وہی لوگ ہیں جنہوں نے ایسٹ انڈیا کمپنی کا ساتھ دیا تھا۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ایک کروڑ سے زائد مزدور اس وقت پاکستان میں موجود ہیں لیکن وہ شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ ادارے تو بننتے جارہے ہیں لیکن سب مزدور کا حق کھا جاتے ہیں۔ موجودہ نظام این جی اوز کے ایجنتس کے لیے ٹھیک ہے۔

انہوں نے کہا پاکستان میں کمزور کا کوئی سننے والا نہیں ہے اس کے لیے سب عدالتیں گونگی بہری ہیں۔ انصاف کے لیے آپ کی جیب میں لاکھوں روپے ہونے چاہیے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے آج تاجر اور صنعت کار کنگال اور نڈھال ہوگیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جماعت اسلامی نے مولانا فضل الرحمان کے دھرنے کی اخلاقی حمایت کا اعلان کردیا

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 35 سال مارشل لاء اور بقیہ جاگیر داروں نے حکومت کی۔ اس نظام نے علماء اور مساجد و مدارس کو تقسیم کیا۔ پاکستان کو اس وقت اسلامی انقلاب کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا نام لیے بغیر سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اس وقت ملک کا نظام ان لوگوں کے ہاتھ میں ہے جو نبی پاکﷺ کا نام تو لیتے ہیں لیکن ان کا نظام لانے سے ڈرتے ہیں۔


متعلقہ خبریں