شہباز شریف ‘بلامقابلہ’ ن لیگ کے صدر منتخب

شہباز شریف 'بلامقابلہ' ن لیگ کے صدر منتخب | urduhumnews.wpengine.com

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کے بھائی اور وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کو بلامقابلہ ن لیگ کا صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق آئندہ پارٹی صدر کے طور پر شہباز شریف کے نام کا باقاعدہ اعلان تاحال باقی ہے۔

منگل کو ہونے والے ن لیگ کے جنرل کونسل اجلاس سے قبل شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی پارٹی الیکشن کمیشن میں جمع کروائے گئے۔

شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی پر چاروں صوبوں کے تائید و تجویز کنندہ کے دستخط موجود ہیں۔ تائید اور تجویز کنندگان میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر، وزیرمملکت مریم اورنگزیب کی والدہ طاہرہ اورنگزیب، سیدال خان ناصراور کھیل داس کوہستانی شامل ہیں۔

ن لیگ کے اعلان کردہ الیکشن کمیشن کے چئیرمین محمود ورک کے مطابق کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد ایک بجے جنرل کونسل میں صدر کا انتخاب ہوگا۔

محمود ورک کے مطابق اجلاس میں موصول ہونے والے کاغذات نامزدگی کی تفصیلات پیش کی جائیں گی۔ انہوں نے تصدیق کی کہ ابھی تک کسی  دوسرے امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے ہیں۔

شہباز شریف کے پارٹی صدر بننے کے بعد پنجاب کی صدارت کی نشست خالی ہو گئی ہے۔ پارٹی ذرائع کا دعوی ہے کہ صوبائی صدارت کے متعلق مشاورت آئندہ ہفتے شروع ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی قوانین کے مطابق پنجاب کی صدارت کے لئے جنرل کونسل اجلاس کے بعد 15 دن میں صوبائی صدر چننا لازمی ہے۔

ن لیگ پنجاب کی صدارت کے ممکنہ امیدواروں میں مریم نواز، حمزہ شہباز، ملک ندیم کامران، رانا ثناء اللہ، راجہ اشفاق سرور سمیت چند دیگر ناموں پر غور کیا جا سکتا ہے۔

ن لیگ نے 27 فروری کو سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس کے موقع پر شہباز شریف کو قائم مقام پارٹی صدر نامزد کیا تھا۔ سپریم کورٹ کی جانب سے نواز شریف کو پارٹی صدارت کے لئے نا اہل قرار دینے کے بعد شہباز شریف کے نام کا اعلان کیا گیا تھا۔

مرکزی جنرل کونسل اجلاس سے قبل اس وقت ناخوشگوار صورتحال پیدا ہوئی جب وہاں پہنچنے والے میڈیا کو کوریج سے روک دیا گیا۔ موقع پر موجود مناظر بتاتے ہیں کہ صرف سرکاری ٹی وی کو کوریج کرنے کی اجازت ہے۔

ن لیگ کے سیکیورٹی اسٹاف نے نجی ٹیلی ویژن چینلز کے کیمرہ مینوں کو کنونشن سنٹر میں جانے سے روک دیا ہے۔

ن لیگ کے نومنتخب سینیٹر آصف کرمانی کا کہنا ہے کہ میڈیا کو اجلاس کور کرنے کی اجازت نہیں، ہم نے اجلاس کور کرنے کے لئے میڈیا کو دعوت ہی نہیں دی۔


متعلقہ خبریں