ائر ایمبولینس کے انتظامات کرنا ہیں، نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالاجائے، مریم اورنگزیب


پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا سابق وزیراعظم نوازشریف کے علاج میں تاخیری حربوں کی شدید مذمت  کرتے ہوئے کہا ہے کہ ای سی ایل سے  انکا نام نکالاجائے تاکہ ائیر ایمبولینس کے انتظامات مکمل کئے جاسکیں۔

ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ  تاخیری حربوں سے محمد نوازشریف کی جان کو نقصان ہوا تو حکومت ذمہ دار ہوگی ۔ نوازشریف کو کچھ ہوا تو اس کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے ۔

مریم اورنگزیب  نے کہا کہ نوازشریف کی زندگی کا مسئلہ ہے اور حکومت سرکاری تشکیل شدہ بورڈ کی تجویز کے باوجود تاخیر کر رہی ہے ۔ حکومتی تشکیل کردہ ڈاکٹروں کا سرکاری بورڈ لکھ کر دے چکا پھر تاخیر کیوں کی جا رہی ہے؟

انہوں نے کہا کہ  پنجاب حکومت وزارت داخلہ، وزارت داخلہ نیب اور نیب حکومت پر ذمہ داری پھینک رہا ہے ، کیا کسی کو احساس ہے کہ کسی انسان کی زندگی اور موت کا معاملہ ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ  تین مرتبہ منتخب وزیراعظم کے ساتھ یہ سلوک پاکستان کے عوام اور ایک باوقار انسان کے ساتھ زیادتی اور ظلم ہے ۔

یہ بھی پڑھیے: حکومت نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا اختیار رکھتی ہے، نیب

ن لیگ کی ترجمان نے کہا کہ عقل اور ہوش کے ناخن لیں، ڈاکٹرز مضطرب ہیں کہ جلد از جلد محمد نواز شریف کو علاج کے لئے باہر بھیجا جائےڈاکٹرز کی سفارش کے مطابق آج ہی محمد نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے ۔ ای سی ایل سے نام نکالاجائے تاکہ ائیر ایمبولینس کے انتظامات مکمل کئے جاسکیں۔


متعلقہ خبریں