شہباز شریف سے اشتہارات کی رقم واپس لینے پر عمران خان خوش

شہباز شریف سے اشتہارات کی رقم واپس لینے پر عمران خان خوش | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سپریم کورٹ کے اس حکم پر خوش ہیں جس میں وزیراعلی پنجاب کو اپنی تصویر والے سرکاری اشتہارات کی رقم ادا کرنے کا کہا گیا ہے۔

منگل کو سامنے آنے والے ردعمل میں عمران خان کا کہنا تھا کہ “شہباز شریف کی جانب سے قومی خزانے سے ذاتی تشہیر کے معاملے کی پڑتال اور خزانے میں واپس ادائیگی کے چیف جسٹس کے حکم نامے کا خیر مقدم کرتے ہیں”۔

مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوٹر پر جاری کردہ ردعمل میں پی ٹی آئی سربراہ نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی اتنی بے شرمی سے عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ ذاتی تشہیر پر نہیں بہایا جاتا۔

یہ دیکھیں: ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی شرح میں 24 فیصد اضافہ

پاکستان میں محصولات کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیکسوں کی ادائیگی میں عوام کی ہچکچاہٹ قابل فہم ہے۔

عمران خان نے ایک الگ ٹویٹ میں کہا کہ “ہم چیف جسٹس کی جانب سے پختونخوا کے اشتہارات کی پڑتال کے حکم کا خیرمقدم کرتے ہیں۔”

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پختونخوا میں وزیراعلی/کابینہ اراکین حکومتی اشتہارات پر اپنی تصویر نہیں چھاپ سکتے۔

پی ٹی آئی سربراہ کا کہنا تھا کہ پانچ برس میں خیبرپختونخوا نے محض ڈیڑھ ارب روپے مالیت کے اشتہار چلائے جب کہ شہباز شریف نے اپنی تصویر چلانے پر بے بہا پیسہ لٹایا۔

سرکاری اشتہارات میں سیاسی رہنماؤں کی تصاویر لگانے کے معاملے پر غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے عدالت عظمی نے پنجاب اور خیبرپختونخوا حکومتوں کو روک دیا تھا۔ پیر کو سماعت کے موقع پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے تھے کہ اگر دوبارہ سیاسی شخصیات کی تصاویر اشتہارات پر لگیں تو متعلقہ افراد ذمہ دار ہوں گے۔


متعلقہ خبریں