حکومت نے کسی سے کوئی ڈیل نہیں کی، سینیٹر فیصل جاوید


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ حکومت کسی سے کوئی ڈیل نہیں کر رہی نواز شریف کی صحت انتہائی خراب ہے اور وہ عدالت کی اجازت سے علاج کے لیے بیرون ملک جا رہے ہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام ایجنڈا پاکستان میں میزبان عامر ضیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ عمران خان سیاست میں ملک سے غربت، منی لانڈرنگ اور کرپشن کا خاتمہ کرنے آئے تھے۔ خیبر پختونخوا کی حکومت میں بھی پہلے سال مشکلات پیش آئی تھیں لیکن پانچ سال مکمل ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف دوبارہ پہلے سے زیادہ ووٹ لے کر صوبائی حکومت میں آئے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی گرفتار سیاسی رہنماؤں کی کسی حوالے سے کوئی ڈیل نہیں ہوئی۔ عدالت نے نواز شریف کو علاج کے لیے ضمانت دی ہے اور وہ واقعی بہت بیمار ہیں۔

فیصل جاوید نے کہا کہ عدالت نے مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نہ نکالنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ملک میں احتساب کا عمل نہیں رک رہا اور نہ ہی کسی کا کیس ختم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت ملک میں ریفارمز لے کر آ رہی ہے اور کسی جگاڑ کا سہارا نہیں لے رہی۔ ہمارے اخراجات زیادہ ہیں لیکن آمدن کم ہے۔ پیپلز پارٹی کی حکومت کے پہلے سال 13 فیصد مہنگائی ہوئی تھی اور مسلم لیگ ن کی حکومت میں تقریباً 11 فیصد مہنگائی ہوئی لیکن پی ٹی آئی کی حکومت میں 7 فیصد مہنگائی ہوئی۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پہلے سال بہت مشکلات تھیں جنہیں حل کرنے کی کوشش کی ہے اور امید ہے کہ ایک سال میں عام آدمی تک ہماری حکومت کے ثمرات حکومت تک پہنچنا شروع ہو جائیں گے۔ عمران خان گزشتہ 30 سال کا ملبہ صاف کر رہے ہیں جو انتہائی مشکل ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرانا تھا وہ کرا دیا لیکن انہیں نہ تو این آر او ملے گا اور نہ استعفیٰ ملے گا۔ مولانا فضل الرحمان مضبوط اپوزیشن کا کردار ادا کر سکتے ہیں لیکن انہیں اب اسلام آباد میں احتجاج سے کچھ حاصل نہیں ہو گا۔ مذاکراتی کمیٹی مسلسل فضل الرحمان سے رابطے میں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں آصف زرداری پرائیویٹ میڈیکل بورڈ سے اپنا علاج کرانا چاہتے ہیں، فاروق ایچ نائیک

فیصل جاوید نے کہا کہ علی امین گنڈا پور نے استعفیٰ دے کر دوبارہ مولانا فضل الرحمان سے انتخاب لڑنے کی آفر کی ہے اور وہ انتخاب لڑ کر اسمبلی میں آ سکتے ہیں۔ تحریک انصاف ملک کو دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔

عامر ضیا نے کہا کہ نواز شریف کی بیرون ملک روانگی تاخیر کا شکار ہو گئی ہے تاہم یہ طے ہے کہ وہ بیرون ملک جائیں گے امید ہے آصف علی زرداری بھی علاج کے لیے بیرون ملک چلے جائیں گے۔


متعلقہ خبریں