ہشیار: بارش اور برفباری نے موسم سرد کردیا، درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرگیا

ہشیار: بارش اور برفباری نے موسم سرد کردیا، درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرگیا

چمن: بلوچستان کے شمال مشرقی علاقوں میں ہونے والی قبل از وقت بارش اور برفباری سے موسم انتہائی سرد ہوگیا ہے اور یخ بستہ ہوائیں چلنا شروع ہوگئی ہیں۔

ملک کے شمالی علاقوں میں موسم سرد رہنے کا امکان

ہم نیوز کے مطابق پشین، شیلا باغ، توبہ اچکزئی اور زیارت سمیت دیگر ملحقہ علاقوں میں ہونے والی بارش اور پہاڑوں کی برفباری نے موسم کو انتہائی سرد کردیا ہے۔ علاقے سے موصولہ اطلاعات کے مطابق یخ بستہ سرد ہواؤں کی وجہ سے سردی کی شدت میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے۔

ماہرین موسمیات کے مطابق نومبر کے مہینے میں تقریباً 20 سال کے بعد بارش اور برفباری ہوئی ہے وگرنہ اس سے قبل خزاں کے آخری ماہ میں  بارش اور برفباری نہیں ہوتی تھی۔

ہم نیوز کے مطابق سردی کی شدت کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ زیارت، کان مہترزئی، توبہ اچکزئی اور شیلا باغ میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی گرگیا ہے۔

قبل از وقت ہونے والی بارش اور برفباری کی وجہ سے بالائی علاقوں میں شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں اور سردی سے بچاؤ کے لیے کوئلے کی انگیٹھیوں کا استعمال کررہے ہیں۔

بالائی علاقوں میں بارش اور برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ

ہم نیوز کو زیارت اور پشین کے مکینوں نے استفسار پر بتایا ہے کہ گیس کی فراہمی معلطل کردی گئی ہے جس کی وجہ سے صورتحال مزید ابتر ہوگئی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ قبل از وقت ہونے والی بارش اور برفباری ان کے لیے اس لحاظ سے زیادہ پریشان کن ہے کہ وہ ابھی موسم کی سختی برداشت کرنے کے لیے پوری طرح سے تیار نہیں ہوئے تھے جب کہ حکومت نے اس پر ستم اس لحاظ سے ڈھا دیا ہے کہ گیس کی فراہمی  معطل کردی ہے۔


متعلقہ خبریں