ملک بھر میں مطلع ابر آلود ، بالائی علاقوں میں برش اور برفباری متوقع

فائل فوٹو


اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے  منگل کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع ابر آلود جبکہ شمال مغربی بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے جب کہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری بھی متوقع ہے۔

آج صبج وفاقی دارالحکومت میں ہلکے بادل چھائے رہے تاہم سردی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسلام آباد کا درجہ حرارت صبح کے وقت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو زیادہ سے زیادہ 22 تک جا سکتا ہے۔

منگل کے روز صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابر آلود جبکہ کوئٹہ، پشین اورقلعہ عبداللہ میں چندمقامات پر ہلکی بارش اور بلند پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابر آلود رہے گا اور سندھ میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

شمال مشرقی بلوچستان میں موسم سرما کی قبل ازوقت بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی جس کے بعد  یخ بستہ ہوائیں چلنے سے درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرگیا۔

نومبر کے مہینے میں 15 سے سال بعد بارش اور برفباری سے بلوچستان کے شمالی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں آگئے ہیں۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں منگل کے روز مطلع ابر آلود جبکہ دیر، سوات اور چترال میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔

آج  گلگت بلتستان کے اضلاع میں مطلع ابرآلود رہے گا جب کہ چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفبارت ہو سکتی ہے۔ آزاد کشمیر کے اضلاع میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران  ملک کے زیادہ ترعلاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی حصوں میں سرد رہا تاہم کوئٹہ میں چند مقامات پربارش ہوئی۔


متعلقہ خبریں