نوازشریف کی روانگی روکنے کیلئے دائر درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ

نواز شریف علاج کیلئے کل بیرون ملک روانہ ہو جائیں گے، ذرائع

فوٹو: فائل


لاہور: عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف  کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے لئے دائر کی گئی درخواست قابل سماعت ہونے کے بارے میں فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس مامون رشید شیخ نے بیرسٹر جاویداقبال جعفری کی درخواست پر سماعت کی۔

اس موقع پر درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ نوازشریف منی لانڈرنگ میں ملوث رہے ہیں اور ان کے خلاف متعدد مقدمات زیر التواء ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم  کو بیمارقیدیوں کے برعکس علاج کے لئے بیرون ملک بھجوانا امتیازی سلوک ہے، حسین حقانی کی طرح نوازشریف بیرون ملک جاکرواپس نہیں آئیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف کی منی لانڈرنگ کےخلاف کیس لاہور ہائیکورٹ میں زیرالتواء ہے۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کوبیرون ملک جانے کی اجازت درخواست کے فیصلے سے مشروط کی جائے۔

مزید برآں عدالت نے درخواست قابل سماعت ہونے کے بارے میں فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔


متعلقہ خبریں