محمد آصف نے ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ میں فتح کشمیریوں کے نام کر دی


اسلام آباد: ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کے دوسری بار فاتح محمد آصف نے اپنی فتح کشمیریوں کے نام کر دی ہے۔

ہم نیوز کے مارننگ شو ’صبح سے آگے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں پہ ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں میں اپنی یہ کامیابی والدین اور فیملی کے نام کرتا ہوں۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے محمد آصف کا کہنا تھا کہ ترکی اس عزم کے ساتھ گیا تھا کہ ملک کے لیے گولڈ میڈل جیت کر آؤں، اللہ کا شکر ہے کہ اس نے سرخرو کیا۔

ورلڈ اسنوکر چیمپئن کا کہنا تھا کہ پورے ٹورنامنٹ کے دوران فاتح پوزیشن میں ہی رہا، کبھی بھی ایسا محسوس نہیں ہوا کہ ہار جاؤں گا۔

’سب سے زیادہ خوشی اسرائیل کے کھلاڑی کو ہرا کر ہوئی‘

اویس منگل والا اور شفا یوسفزئی سے گفتگو کے دوران انہوں نے بتایا کہ سب سے زیادہ خوشی اسرائیل کے کھلاڑی کو ہرا کر محسوس کی۔

اس سوال پر کہ سب سے یادگار میچ کون سا تھا، انہوں نے بتایا کہ کوارٹر فائنل کا میچ کافی مشکل تھا وہ ہمیشہ یاد رہے گا، اس میں تھائی لینڈ کے کھلاڑی کو ہرایا تھا، اس میچ کے دوران ایک لمحے کے لیے محسوس ہوا کہ شاید میچ برابر ہو جائے۔

محمد آصف نے بتایا کہ جب بھی میچ کھیلنے جاتے ہیں تو پاکستان بلیئرڈ اور اسنوکر فیڈریشن ہی اخراجات اٹھاتی ہے۔

اسنوکر کی بہتری کے حوالے سے وزیراعظم کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ تمام کھیلوں کو بہتر کرنے کے لیے جو بھی اقدام کرنا چاہیے وہ ضرور کریں کیونکہ آپ کو بہتر طور پر اندازہ ہے کہ ایک کھلاڑی کو کن کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔


متعلقہ خبریں