’چین کے ساتھ معاہدہ، عالمی بینک میں بہتر ریٹنگ معیشت کے لیے اچھی خبریں ہیں‘

کاروبار بند اورمزدوروں کے بے روزگار ہونے کا خطرہ ہے، مشیر تجارت

لاہور: وزیر اعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی ٹیم کے مطابق پاکستان درست سمت میں جا رہا ہے اور اب تجارتی خسارہ بھی کم ہو رہا ہے۔

ورلڈ فیشن کنونشن میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو  کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ بنک کی ریٹنگ میں پاکستان کی بہتری ہوئی ہے، اپیریل کی صنعت کی برآمد میں سترہ فیصد اضافہ ہوا ہے۔

عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ ہونے والا ایف ٹی اے معاہدہ دسمبر سے لاگو ہو جائے گا، اس معاہدے سے اپیریل کی صنعت کو مزید ترقی ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ سال جون میں تجارتی خسارہ مزید کم ہو جائے گا، ہماری گارمنٹس کی صنعت میں ترقی کی بہت صلاحیت ہے، عالمی سطح پر ہمارے ملبوسات مانے جاتے ہیں اسی لیے ہم اس صنعت کو ہر ممکن سہولت فراہم کر رہے ہیں۔

عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ گارمنٹس پر ہم زیادہ سے زیادہ توجہ اس لیے دے رہے ہیں تاکہ برآمدات میں اضافہ ہو سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ یارن اور کورے کپڑے کی برآمدات میں کمی اچھی بات ہے کیونکہ اس سے ویلیو ایڈیشن گارمنٹس کی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔

مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کاروباری برادری ملک سے بے روزگاری کو ختم کر سکتی ہے، ملکی معیشت کی بہتری کے لیے اپنا حصہ ڈال رہی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کنونشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہاں مغربی دنیا سے بہت سے سرمایہ کار آئے ہیں جو پاکستان کے عالمی برانڈز کی برآمدات میں اضافے کے خواہشمند ہیں۔


متعلقہ خبریں