جے یو آئی (ف) کا پلان بی، احتجاج کا دائرہ ملک بھر میں وسیع کرنے کا امکان


کراچی: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ’پلان بی‘ کے تحت احتجاج کا دائرہ  ملک بھر میں وسیع کرنے کا امکان ہے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ معاشی حب کراچی میں بھی 13 مقامات پر دھرنے ہوسکتے ہیں۔

ساؤتھ زون میں پانچ اور ویسٹ زون میں پانچ مقامات پر دھرنے ہوسکتے ہیں جبکہ ایسٹ زون میں 3 مقامات پر دھرنے دیے جاسکتے ہیں۔

ساؤتھ زون پولیس نے احتجاجی مظاہرین سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی تیار کرلی ہے۔

اس حوالے سے ڈی آئی جی ساؤتھ شرجیل کھرل نے ایس ایس پی ساؤتھ اور سٹی کو خط لکھا۔

خط کے متن کے مطابق انتہائی باوثوق ذرائع سے جے یو آئی کے دھرنوں کی خبر موصول ہوئی ہے، ممکنہ طور پر ساؤتھ زون میں پانچ مقامات پر احتجاجی دھرنے کئے جاسکتے ہیں۔

خط میں کہا گیا کہ آئل ٹرمینل کے خارجی اور داخلی راستوں پر دھرنا دیا جاسکتا ہے جبکہ آئی سی آئی پل، میری ویدر ٹاور،تین تلوار پر دھرنا ہوسکتا ہے۔

انہوں نے ہدایت دی کہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پولیس گشت اور نگرانی بڑھائی جائے، پولیس کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام سیکیورٹی سہولیات بروئے کار لائیں۔


متعلقہ خبریں