نوازشریف کو صرف ائر ایمبولینس میں سفر کرنے کی اجازت

ڈاکٹرز کے مطابق اسٹیرائیڈز کے ذریعے پلیٹ لیٹس کو مزید گرنے سے روکنے کی کوشش جاری ہے جب کہ سابق وزیراعظم کی شوگر اور بلڈ پریشر بھی بدستور کنٹرول سے باہر ہیں

فائل فوٹو


لاہور: سابق وزیراعظم نوازشریف کی دیکھ بھال کےلیے بنائے گئے میڈکل بورڈ نے انہیں صرف ائرایمبولینس پر سفر کی اجازت دی ہے۔

میڈیکل بورڈ نے مکمل معائنے کے بعد تجویز دی ہے کہ ن لیگی رہنما کی طبیعت تاحال سنبھل نہیں سکی اور انہیں کسی بھی وقت طبی سہولیات کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

ڈاکٹرز کے مطابق اسٹیرائیڈز کے ذریعے پلیٹ لیٹس کو مزید گرنے سے روکنے کی کوشش جاری ہے جب کہ سابق وزیراعظم کی شوگر اور بلڈ پریشر بھی بدستور کنٹرول سے باہر ہیں۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ نوازشریف کے عارضے کی تشخیص نہ ہونے کے باعث مشکلات کا سامنا اور ائرایمبولینس کے بغیر سفر ن لیگی  رہنما کے لیے خطرناک ہوسکتا ہے۔

 بیرون ملک روانگی میں کیا رکاوٹ کیا ہے

خیال رہے کہ 29 اکتوبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے طبی بنیادوں پر نواز شریف کی ضمانت منظور کی تھی جس کے بعد وہ کئی روز لاہور کے سروسز اسپتال میں زیر علاج رہے۔

ڈاکٹرز سابق وزیراعظم کو علاج کی غرض سے باہر جانے کا مشورہ دے چکے ہیں تاہم ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے میں حکومتی پبچیدگیاں حائل ہیں۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے پیر کو یہ مؤقف سامنے آیا تھا کہ وفاقی حکومت نواز شریف کا نام ہٹانے کا اختیار رکھتی ہے اور ماضی میں اس نے ادارے سے پوچھے بغیر لوگوں کے نام ای سی ایل سے نکالے ہیں۔

سابق وزیراعظم  کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کے معاملے پر وزیر قانون فروغ نسیم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کی ای سی ایل سے متعلق ذیلی کمیٹی کا اجلاس بھی بلایا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں