نواز شریف کے باہر جانے کو سیکیورٹی بانڈ سے مشروط کر دیا ہے، فردوس عاشق


اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نواز شریف کو علاج کی غرض سے ملک سے باہر جانے کو سیکیورٹی بانڈ سے مشروط کیا گیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان فیصلہ کرنے سے پہلے ساتھیوں سے مشاورت کرتے ہیں اور نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے پر تفصیلی بحث ہوئی ہے جس میں کابینہ کے کچھ ارکان نے ذیلی کمیٹی کی جانب سے دی گئی تجاویز کی حمایت کی اور کچھ نے مخالفت۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ ارکان کی اکثریت نے نواز شریف کو علاج کے لیے باہر جانے کی اجازت دینے کی حمایت کی۔ نواز شریف کو علاج معالجے کے لیے ہر سہولت ملنی چاہیے۔ ذیلی کمیٹی نے آج شہباز شریف کے نمائندے اور نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کو بلایا تھا۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ اگر گارنٹی دی جاتی ہے تو حکومت نواز شریف کے باہر جانے میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے گی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مشیر خزانہ نے کابینہ کو اقتصادی امور پر بریفنگ دی۔ حکومت نے جو اہداف سیٹ کیے تھے اسے کامیابی سے حاصل کر لیا ہے اور معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے جبکہ حکومتی اقدامات کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ رواں مالی سال میں جولائی سے اکتوبر تک کے معاشی اہداف حاصل کر لیے گئے ہیں۔ حکومتی اقدامات کے حوصلہ افزا اقدامات سامنے آ رہے ہیں۔ وزیر اعظم عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں اور اب اسٹاک ایکسچیج بھی مسلسل تین ہفتے سے اضافے کی طرف جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں سابق وزیراعظم نواز شریف کو بیرون ملک بھیجنےکے بدلے حکومت کیا چاہتی ہے ؟

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان اب مشکل وقت سے نکل آیا ہے اور درپیش چیلنجز پر قابو پا رہے ہیں۔ ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف نے بھی ہماری معاشی اصلاحات کو سراہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاروبار کو آسان بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ صوبائی حکومتوں سے ماہانہ کارکردگی کی رپورٹ بھی مانگی جا رہی ہیں۔


متعلقہ خبریں