ڈی جی خان میں مبینہ پولیس مقابلہ، وزیر اعلیٰ پنجاب نے نوٹس لے لیا

فوٹو: فائل


ڈی جی خان: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان (ڈی جی خان) میں مبینہ پولیس مقابلے کا نوٹس لیا۔

مبینہ پولیس مقابلے میں مارے جانے والے دو نوجوانوں کے لواحقین نے کوٹ مبارک میں شدید احتجاج کیا اور ڈی پی او کی آمد پر اہل علاقہ نے پولیس کے خلاف نعرے لگائے۔

مظاہرین نے پولیس پر الزام عائد کیا کہ پولیس نے عبداللہ اور حیدر نامی نوجوانوں کو گرفتار کرنے کے بعد قتل کیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا جس کے بعد معاملہ کی چھان بین شروع کر دی گئی ہے۔

ایڈیشنل آئی جی اظہر حمید کھوکھر واقعے کی تحقیقات کے لیے ڈی جی خان پہنچے اور فریقین کے بیانات قلمبند کیے۔ ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ معاملے کی تحقیقاتی رپورٹ آئندہ دو سے تین روز تک وزیر اعلیٰ پنجاب کو پیش کر دی جائے گی۔

واضح رہے کہ دو روز قبل کوٹ مبارک میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک پولیس اہلکار سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ مقابلے میں دو اشتہاری ملزمان بھی مارے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں ڈی جی خان میں پولیس مقابلہ، پولیس اہلکار سمیت دو افراد شہید

دوسری جانب راجن پور میں دہشت گردوں کی جانب سے پولیس  اہلکاروں پر حملے کا مقدمہ روجھان تھانے میں درج کر لیا گیا۔ 6 مسلح ملزمان نے فائرنگ کر کے 2 پولیس اہلکاروں سمیت 5 افراد کو شہید کر دیا تھا۔

درج کی گئی ایف آئی آر کے متن کے مطابق اہلکاروں نے کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں کی دہشت گردی کی واردات کو ناکام بنایا تھا۔ مقدمہ میں دہشت گردی سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔


متعلقہ خبریں