مولانا فضل الرحمان نے پلان بی کا اعلان کر دیا

جعلی پارلیمنٹ قانون سازی نہیں کر سکتی، مولانا فضل الرحمان

فوٹو: فائل


اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پلان بی کا اعلان کر دیا۔

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آزادی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کل سے پلان اے کے ساتھ پلان بی شروع کر دیا جائے گا۔ آزادی مارچ پلان اے ہے یہ باقی رہے گا اور جب تک پلان بی پر عملدرآمد کا اعلان نہیں کیا جائے گا سب یہیں رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پلان اے کے ہوتے ہوئے ہم پلان بی کی طرف جائیں گے اور جب اعلان ہو گا تو قافلہ روانہ ہو جائیں گے۔ پلان بی میں اس حکومت کا سنبھلنا مشکل ہو جائے گا۔ ہم سیاسی لوگ ہیں ہمیں جھپٹنا بھی آتا ہے اور پلٹ کر حملہ کرنا بھی۔

جے یو آئی ف کے سربراہ نے کہا کہ ہم گھروں میں نہیں جائیں گے اور ہر محاذ پر مقابلہ کریں گے تاہم کارکنوں کو کہتا ہوں آئین اور قانون کو ہاتھ میں نہیں لینا ہم پر امن رہیں گے۔ یہاں موجود کارکنان یہیں بیٹھ کر پلان بی پر عمل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ تمام کارکنان جو گھروں میں موجود ہیں وہ پلان بی کے لیے اپنے اپنے گھروں سے باہر نکل آئیں۔ کوئی مائی کا لال اب ان کو اس کرسی پر برقرار نہیں رکھ سکتا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اسلام آباد میں 10 روزہ قیام کے دوران ہم نے اپنی جنگ جیت لی ہے اور آزادی مارچ سے بہت سے مقاصد حاصل ہوئے ہیں میں ہوائی باتیں نہیں کر رہا۔ ہم نے مشاورت کے ساتھ آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی پاکستانی ان انتخابات کو شفاف کہنے کو تیار نہیں جبکہ کارکنان کا بیانیہ غالب آچکا ہے اور ہمارے بیانیے کو پوری قوم کی تائید حاصل ہوئی ہے۔ آزادی مارچ نے جمہوریت اور آئین کو تحفظ دیا ہے اور اب ناجائز  حکمران اور ان کے کارندوں کے ہاتھ پاؤں پھولے ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں آزادی مارچ کا پلان بی: ملک کی تمام تجارتی شاہراہیں کل سے بند کردی جائیں گی

سربراہ جے یو آئی ف نے کہا کہ ہمارے احتجاج سے اساتذہ، وکلا اور کاروباری طبقے نے امیدیں وابستہ کی ہوئی ہیں جبکہ ہماری تحریک نے تاجروں کو کامیابی دی ہے اور میں تاجروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے مارچ کے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا ہاتھ ناجائز حکمرانوں کے گریبان سے بس 4 انگلی پیچھے ہے۔ ہم نے پلان اے مکمل کر لیا ہے اور اب پلان بی پر عملدرآمد کا وقت آ گیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مہنگائی نے غریب آدمی کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ مشیر خزانہ کہتے ہیں ٹماٹر 17 روپے کلو ہے لیکن معلوم نہیں یہ کس دنیا میں رہتے ہیں کیونکہ غریب آدمی 300 روپے فی کلو ٹماٹر خریدنے پر مجبور ہے۔


متعلقہ خبریں