خیبر پختونخوا: مردان میں نیشنل گیمز کا میلہ سج گیا

خیبر پختونخوا: مردان میں نیشنل گیمز کا میلہ سج گیا

مردان: صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر مردان میں نیشنل گیمز کا میلہ سج گیا۔ صوبائی وزیر کھیل عاطف خان نے افتتاح کردیا۔

ہم نیوز کے مطابق صوبائی وزیر کھیل عاطف خان اس موقع پر مردان اسپورٹس کمپلیکس کا دورہ کیا۔ افتتاحی تقریب میں اراکین اسمبلی اور ڈپٹی کمشنر سمیت محکمہ کھیل کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

’ کھیلوں کے میدانوں کا آباد ہونا ایک پرامن اور محفوظ پاکستان کا مظہر ہے‘

صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل نے دیگر اراکین اسمبلی سمیت اعلیٰ حکام کے ہمراہ باڈی بلڈنگ کے مقابلے دیکھے اور جیتنے والے کھلاڑیوں میں میڈلز بھی تقسیم کیے۔

ہم نیوز کے مطابق صوبائی وزیر عاطف خان نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں 9 سال بعد نیشنل گیمز کا انعقاد کسی اعزاز سے کم نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مردان میں پہلی مرتبہ نیشنل گیمز کے مقابلے منعقد ہورہے ہیں جو بڑی کامیابی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیشنل گیمز کے مقابلے پشاور سمیت پانچ دیگر شہروں میں بھی ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایتھلیٹس 31 مختلف گیموں میں حصہ لے رہے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق عاطف خان نے کہا کہ میں خود نیشنل گیموں کی نگرانی کررہا ہوں اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں نیشنل گیموں کے انعقاد سے دنیا کو امن کا پیغام جائے گا۔

33 ویں قومی کھیلوں کا دوسرا روز بھی پاکستان آرمی کے نام

خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل عاطف خان نے کہا کہ کل 26 ارب روپے صوبے میں کھیلوں کے فروغ پر خرچ ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مردان کی ہر یونین کونسل میں کھیلوں کے میدان بنائے جائیں گے۔


متعلقہ خبریں