نا اہل حکمرانوں کی موجودگی میں پاکستان کا مستقبل محفوظ نہیں ہے۔ سراج الحق

اسرائیل کا اگلا ہدف ترکی، افغانستان اور پاکستان ہیں، سراج الحق

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے دعویٰ کیا ہے کہ نا اہل حکمرانوں کی موجودگی میں پاکستان کا مستقبل محفوظ نہیں ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکمران بولتے پہلے اور سوچتے بعد میں ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق سینیٹر سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے طلبا، مزدوروں اور کسانوں کا مستقبل تاریک کردیا ہے۔

طلبہ سیاست میں انتہائی فعال کردار ادا کرنے والے امیر جماعت اسلامی پاکستان نے مطالبہ کیا کہ طلبہ یونینز فوری طور پر بحال کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں طلبہ یونینز کی بحالی کی قرار داد کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

سینیٹر سراج الحق نے ملکی صورتحال کا جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سیاسی اور معاشی صورتحال انتہائی خطرناک ڈگر پر چل رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب 250 روپے فی کلو میں فروخت ہونے والے ٹماٹر کی قیمت وزیر خزانہ 17 روپے فی کلو بتائے گا تو کون اس پر اعتبار کرے گا؟

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ملک پر طبقاتی تعلیمی و معاشی نظام مسلط کرنے والے قوم کے مجرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ ملک میں دو کروڑ بچے تعلیم سے محروم ہیں۔


متعلقہ خبریں