امریکی صدر نے وزیرخارجہ کو عہدے سے ہٹادیا

امریکی صدر نے وزیرخارجہ کو عہدے سے ہٹادیا | urduhumnews.wpengine.com

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن کو عہدے سے برطرف کر دیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ امریکی صدر کی جانب سے اہم عہدے سے برطرفی کا معاملہ منگل کے روز سامنے آیا۔

ہم نیوز کو دستیاب رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق سیاستدان مائیک پومپیو کو نیا وزیرخارجہ مقرر کیا ہے۔

13 مارچ کو امریکی صدر کی جانب سے سیکرٹری خارجہ مقرر کئے جانے والے مائیک پومپیو اگر سینیٹ سے منظوری حاصل کر لیتے ہیں تو وہ 70ویں وزیر خارجہ ہوں گے۔

مائیکل رچرڈ پومپیو امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے ڈائریکٹر رہے ہیں۔ انہیں ڈونلڈ ٹرمپ نے ہی خفیہ ادارے کی سربراہی سونپی تھی۔

نئے وزیر خارجہ اس سے قبل ایوان نمائندگان کے رکن بھی رہے ہیں۔ وہ امریکی ریاست کینساس کی چوتھی کانگریس ڈسٹرکٹ سے تعلق رکھتے ہیں۔ پومپیو 2011 سے 2017 تک اس عہدے پر فائز رہے۔ٹرمپ کی جانب سے سی آئی اے کے ڈائریکٹر سے وزیرخارجہ بنائے گئے مائیک پومپئیو

مائیک پومپیو30 دسمبر 1963 کو پیدا ہونے والے مائیک پومپیو ریپبلکن پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں۔ وہ ہارورڈ لاء اسکول اور یونائیٹڈ اسٹیٹ ملٹری اکیڈمی کے گریجویٹ ہیں۔

امریکی انتظامیہ کی جانب سے ریکس ٹلرسن کو عہدے سے ہٹانے کے متعلق تاحال کوئی سبب نہیں بتایا گیا ہے۔

مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اعلان میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جینا ہیسپل سی آئی اے کی نئی سربراہ ہوں گی۔

امریکی خفیہ ادارے کی پہلی خاتون سربراہ بننے والی ہیسپل کو فروری 2017 میں ٹرمپ نے سینٹرل انٹیلیجنس ایجنسی (سی آئی اے) کی ڈپٹی ڈائریکٹر مقرر کیا تھا۔

ہیسپل نے 1985 میں سی آئی اے میں شمولیت اختیار کی تھی جس کے بعد وہ مختلف حیثیتوں میں خدمات سرانجام دیتی رہی ہیں۔

منگل کو نئے وزیرخارجہ اور سی آئی اے سربراہ کے ناموں کا اعلان کرنے سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی معیشت میں ریکارڈ بہتری کا دعوی کیا تھا۔


متعلقہ خبریں