’عمران خان ماتھے پر کلنک کا ٹیکا نہ لگنے دیں‘


اسلام آباد: مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ عمران خان ماتھے پر وہ کلنک کا ٹیکا نہ لگنے دیں جسے دھونا مشکل ہو جائے گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے باہر جانے پر جو طوفان شروع ہوا ہے اسے عمران خان کو قابو کرنا پڑے گا۔

چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ کہ زندگی موت اﷲ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے۔ عمران خان کو اﷲ تعالیٰ نے موقع دیا ہے اور ملک کا سربراہ ہونے کی حیثیت سے اچھے فیصلوں کرتے ہوئے ایسے لوگوں کی مت سنیں جو ان کی اچھائی کا حسن گہنا رہے ہیں۔

مسلم لیگ ق کے صدر کا کہنا تھا کہ صاحبِ اقتدار لوگوں کو چاہیے کہ وہ اپنی توانائی مہنگائی اور بے روزگاری ختم کرنے پر صرف کریں۔

دوسری جانب سابق وزیراعظم نوازشریف کا نام ایگزٹ کنڑول لسٹ (سی سی ایل) سے نکالنے کے متعلق بنائی گئی کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس ختم ہوگیا ہے اور حتمی سفارشات تیار کرکے بھجوا دی گئی ہیں۔

اب وزیراعظم عمران خان سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالے یا نہ نکالے جانے کا فیصلہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق سفارشات میں قومی احتساب بیورو کا موقف بھی شامل کیا گیا ہے اورآئین و قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

کمیٹی ارکان وزیراعظم کے فیصلے کا اعلان آج ہی بذریعہ پریس کانفرنس کریں گے۔

کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف فروغ نسیم کی زیرصدارت ہوا جس میں مشیر احتساب شہزاد اکبر سمیت سابق وزیراعظم نواز شریف کے میڈیکل بورڈ کے سربراہ محمود ایازبھی شریک ہوئے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی اس معاملے پر ایک اجلاس ہوا تھا تاہم اس میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا۔


متعلقہ خبریں