مسلم لیگ ن کا پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کا فیصلہ


لاہور: صوبائی اسمبلی میں حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت پاکستان  مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل ن) نے پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے اراکین صوبائی اسمبلی کل صبح دس بجے اپنے استعفے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی کے پاس جمع کرائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ نے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے پر مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب عظمی بخاری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حمزہ شہباز اور دیگر لیگی رہنماوں کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرکے حزب اختلاف کو نمائندگی کے حق سے محروم رکھا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب اسمبلی کا اجلاس مولانافضل الرحمان کے دھرنے سے مشروط

انہوں نے کہا کہ پبلک اکاونٹس کمیٹی (پی اے سی) ون میں حزب اختلاف کو چیئرمین شپ نہیں دی جا رہی۔  قانون سازی میں اپوزیشن کی آواز کو بلڈوز کیا جارہا ہے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اب تک پی اے سی ٹو تشکیل دی گئی ہے۔ پی اے سی ٹو کی چیئرمین شپت حکومت کے پاس ہے۔  پی اے سی ون اور تھری تشکیل نہیں دی جاسکی ہے۔

عظمی بخاری نے کہا کہ اپوزیشن کو پنجاب اسمبلی کی کاروائی میں دیوار سے لگایا جارہا ہے۔ یہ اقدام کسی صورت قبول نہیں۔

 


متعلقہ خبریں