’دھرنا ختم کرنے پر اعتماد میں نہیں لیا گیا‘،ن لیگ اور پیپلزپارٹی سڑکیں بلاک کرنے کی مخالف


اسلام آباد: جےیو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی طرف سے دھرنا ختم کرنے کے اعلان  پر رہبر کمیٹی کو اعتماد میں نہیں لیا گیا ،اس ضمن میں پیپلز پارٹی کا اختلاف سامنے آگیا۔ ن لیگ نے بھی سٹرکیں بلاک کرنے کی مخالفت کر دی۔

ہم نیوز کے پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں میزبان ثمر عباس سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات نفیسہ شاہ نے کہا کہ دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ جے یو آئی کا ہے رہبر کمیٹی کا نہیں۔

ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ جے یو آئی کو سندھ کی سٹرکیں بلاک نہیں کرنی چاہئیں، ایسا کچھ کرنا ہے تو رہبر کمیٹی فیصلہ کرے۔

نفیسہ شاہ کو سپورٹ کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما رانا تنویر کا کہنا تھا ہمارا ایک دن کا معاہدہ تھا ہم دھرنے اور سٹرکیں بلاک کرنے میں ساتھ نہیں ہونگے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کو بیرون ملک علاج کے لئے مشروط اجازت سے متعلق مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا تنویر کا کہنا ہے کہ حکومت کی مشروط اجازت کیخلاف عدالت جانے کا فیصلہ وکلا کی مشاورت سے کریں گے ۔

ہم نیوز کے پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں میزبان ثمر عباس سے گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ نواز شریف بیمار ہیں لیکن ایک پارٹی رہنما ہیں کوئی ایسی مثال نہیں بنانا چاہتے، زرتلافی نہ دینے کا اصولی فیصلہ ہے یہ غیر قانونی مطالبہ ہے ۔

یہ بھی پڑھیے :مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں آزادی مارچ ختم کرنے کا اعلان کر دیا

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا نواز شریف کی بیماری کا وزیر اعظم عمران خان کو پتہ ہے۔  انہوں نے ذاتی حثیت میں تصدیق کرائی ہے ۔ پی ٹی آئی والے صرف سیاست کر رہے ہیں انہیں اندازہ نہیں ہورہا کہ حالات کس طرف جا رہے ہیں؟


متعلقہ خبریں