صفاء گولڈ مال اسکینڈل میں بدعنوانی ریفرنس کی منظوری

صفاء گولڈ مال اسکینڈل میں بدعنوانی ریفرنس کی منظوری | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: پاکستان میں احتساب کے عمل کے ذمہ دار قومی ادارے نیب نے اسلام آباد کے نجی تجارتی مرکز صفاء گولڈ مال اسکینڈل میں بدعنوانی ریفرنس کی منظوری دے دی۔

ہم نیوز کے مطابق ریفرنس دائر کرنے کی منظوری نیشنل اکاؤنٹیبیلیٹی بیورو (نیب) کے ایگزیکٹیو بورڈ کے اجلاس میں دی گئی۔

بدعنوانی ریفرنس کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے سابق و موجودہ چار افسران کے خلاف درج کیا جائے گا۔

بدعنوانی ریفرنس میں ڈپٹی ڈی جی غلام مرتضی ملک، ڈائریکٹر خلیل احمد، سابق ڈپٹی ڈائریکٹر محمد عمارادریس، سابق اسٹنٹ ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول سیکشن خادم حسین شامل ہیں۔

نیب بورڈ کے مطابق صفاء گولڈ مال کے مالک رانا عبدالقیوم کو بھی ریفرنس کا حصہ بنایا جائے گا۔

قومی ادارے کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازمین پر اختیارات کا ناجائز استعمال کا الزام ہے۔

دستیاب ریکارڈ کے مطابق سرکاری افسران نے صفاء گولڈ مال ایف سیون میں اضافی منزلوں کی غیرقانونی طور پر تعمیر میں کردار ادا کیا۔

نیب کے مطابق مذکورہ افسران نے عمارت کے نظرثانی شدہ تقشہ کی غیرقانونی منظوری دی جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔

صفاء گولڈ مال اسلام آباد کے پوش سیکٹر ایف سیون کے مرکز جناح سپر میں واقع ہے۔ خریداری کے جدید مرکز میں مختلف برانڈز کی دکانوں کے علاوہ، سینما، فوڈ کورٹ اور جمنازیم بھی قائم ہے۔


متعلقہ خبریں