سندھ حکومت کسی کو روڈ بلاک نہیں کرنےدے گی، سعید غنی

فائل فوٹو


کراچی: وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کسی کو بھی سڑک بند کرنے کی اجازت نہیں دے سکتی۔

ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی(ف)کی جانب سے تاحال احتجاج کے لیے کوئی اجازت طلب نہیں کی گئی، قانون کے مطابق مخصوص مقام پر دھرنے کی اجازت دی جاسکتی ہے سڑک بند کرنے کی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حب ریور روڈ کو بند کیا جائے گا تو شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، ہماری پہلے کوشیش یہ ہوتی ہے روڈ بند کرنے والوں سے بات چیت کی جائے۔

خیال رہے کہ جمیعت علمائے اسلام(ف) نے اسلام آباد میں دھرنا ختم کرتے ہوئے’پلان بی‘ کے تحت چاروں صوبوں کی اہم شاہراہوں کو بند کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

ذرائع کے مطابق جے یو آئی سندھ جیکب آباد کے مقام سے بھی قومی شاہرہ کو بند کرے گی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ پلان بی کے پہلے مرحلے ملک کی تمام اہم تجارتی شاہراہیں بند کی جائیں گی اور دوسرے مرحلے میں تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز بھی بند کردیے جائیں گے۔

اس ضمن میں تمام صوبائی عہدیداران کو پلان بی پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے نہ صرف ہدایات جاری کردی گئی ہیں بلکہ اہم ٹاسک بھی تفویض کردیے گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں