’ قسم اٹھا کر کہتا ہوں نواز شریف واپس آئیں گے‘

وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ نواز شریف کی صحت پر سیاست نہیں بلکہ دعا کرنی ہے، مراد سعید

’ قسم اٹھا کر کہتا ہوں نواز شریف واپس آئیں گے‘

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (پی ایم ایل ن) کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ حکومت سابق وزیراعظم نواز شریف کو علاج کی خاطر بیرون ملک جانے کی اجازت دے، میں قسم اٹھا کر کہتا ہوں کہ وہ صحتیاب ہونے کے بعد واپس آ جائیں گے۔

قومی اسمبلی اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمرانوں میں انتقام کی آگ بھڑک رہی ہے جبکہ نوازشریف موت وحیات کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بیماری کی صورتحال میں بھی نوازشریف ووٹ کو عزت دو کی جنگ لڑ ر ہے ہیں، مجھے فخر ہے کہ میں ان کا کارکن ہوں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ سیاست دان کی سب سے بڑی جائیداد اس کی سیاست ہوتی ہے، نوازشریف کو جانتا ہوں، میرے سامنے انہوں نے باہر جانے سے انکار کیا مگر سرکاری ڈاکٹروں نے خود کہا کہ انہیں علاج کےلیے بیرون ملک جانا چاہئے۔

ان کا کہنا تھا کہ عدالتوں نے نوازشریف کو ریلیف دیا، جب وہ تیار ہوئے تو حکمرانوں نے ان کی جان سے کھیلنا شروع کردیا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما کے خواجہ آصف کے خطاب کے جواب میں وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ نواز شریف کی صحت پر سیاست نہیں کرنی بلکہ دعا کرنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف بتائیں وزیراعظم کے بیانات کہاں سے لارہے ہیں؟ روزانہ مسلم لیگ ن کےترجمان بیان دیتےہیں کیا ہم نے نوازشریف کو سزا دی ہے؟ انہیں سپریم کورٹ کے معزز ججز نے سزا دی ہے۔

مراد سعید نے کہا کہ  نوازشریف کی صحت پر کون سیاست کررہا ہے؟ بتائیں مسلم لیگ ن کو ان کی صحت پیاری ہے یا مال؟ 35سال حکومت کےباوجود یہ لوگ اپنےعلاج کےلیے ایک اسپتال بھی نہ بناسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں کتے کے کاٹنے کی ویکسین نہ ملنے پر مریض جاں بحق ہوگیا، یہ کہتےہیں جنہوں نے بھاگنا ہےوہ بھاگ گئےاب واپس نہیں آئیں گے۔


متعلقہ خبریں