وفاقی دارالحکومت اور خیبر پختونخوا میں زلزلے کے جھٹکے

earthquake

اسلام آباد اور خیبرپختونخوا میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس کے باعث لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

ہم نیوز کے مطابق سوات، دیر بالا، چترال اور کوہاٹ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

اس کے علاوہ شانگلہ، پشاور، مالاکنڈ، مردان اور ہزارہ ڈیویژن میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر5.5 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا۔

زلزلے کی زیر زمین گہرائی 96 کلومیٹر تھی۔

گزشتہ ماہ کی 14 تاریخ کو بھی ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی تھی اور اس کا مرکز کوہ ہندوکش افغانستان میں تھا۔

زلزلے کی صورت میں خود کو کیسے بچائیں؟

شدید زلزلے کی صورت میں کمرے سے باہر بھاگنے کی کوشش کرنا خطرناک ہے کیوں کہ اس سے گرنے اور چوٹ لگنے کا اندیشہ رہتا ہے۔

ایسی صورت میں دروازے کے نیچے، کھڑکی کے قریب اور سیڑھیوں پر یا ان کے نیچے کھڑا ہونا بھی خطرناک ہے۔

زلزلہ آنے کی صورت میں فوری طور پر زمین پر بیٹھ جائیں، اگر قریب ہی کوئی مضبوط میز، بیڈ یا ایسا فرنیچر ہے جس کے نیچے چھپا جا سکے تو رینگ کر اس کے نیچے ہو جائیں۔

دوسری صورت میں کسی کونے میں بیٹھ کر سر اور گردن کو ہاتھوں سے چھپا لیں۔

اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ افراد زلزلے کے دوران گرنے یا دیواروں پر لگی بھاری اشیا گرنے سے زخمی ہوتے ہیں۔

اگر زلزلے کے دوران عمارت سے باہر ہیں تو عمارت سے دور کسی کھلے مقام پر پہنچ جائیں۔

ڈرائیونگ کی صورت میں گاڑی ایک طرف روک دیں۔


یہ فوری خبر ہے۔ مزید تفصیلات اور معاملے کے درست حقائق جاننے کے لئے اس صفحہ کو ریفریش کریں۔
متعلقہ خبریں