نواز شریف اور سعد رفیق کے خلاف توہین عدالت کی درخواستیں خارج

بادی النظر میں دانیال عزیز توہین عدالت کے مرتکب ہوئے، عدالت | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے ن لیگ کے قائد نواز شریف اور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے خلاف توہین عدالت کی درخواستیں خارج کردیں۔

بدھ کے روز چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے توہین عدالت کی دونوں درخواستوں پر الگ الگ سماعت کی۔

نواز شریف کے خلاف درخواست پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ پیش کیا گیا مواد توہین آمیز نہیں ہے۔ درخواست گزار شیخ احسن الدین نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالتی فیصلے پرتوہین آمیز انداز میں تنقید کی گئی۔ اسلام آباد سے لاہور تک ریلی کے دوران عدلیہ کو اسکینڈیلائز کیا گیا۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ نواز شریف کا بیان غیر سنجیدہ ہے۔ عدالت کو بہت سے معاملات کو درگزر کرنا ہوتا ہے، اس وقت تحمل کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

جسٹس ثاقب نثار نے درخواست گزار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی فیصلے کو بُرا کہنے کا اختیار سب کو ہے۔ کسی اور مقام پر شاید توہین آمیز بات کی گئی ہوگی۔ جو مواد آپ نے پیش کیا ہے یہ تو سیاسی ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق کے خلاف توہین عدالت کی درخواست بھی عدالت نے خارج کردی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ بہت سے چیزیں ہم درگزر کررہے ہیں، خواجہ سعد رفیق نے جن تقاریر میں توہین عدالت کی ہے وہ دکھائی جائیں۔

گزشتہ روز بھی سپریم کورٹ نے توہین عدالت کی کئی درخواستیں نمٹا دی تھیں۔ ان میں سابق وزیراعظم نواز شریف، یوسف رضا گیلانی، شہباز شریف، فردوس عاشق اعوان، سعد رفیق، احسن اقبال، نئیر بخاری، بے نظیر بھٹو، رحمان ملک کے خلاف درخواستیں شامل تھیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے تھے کہ عدالت عظمی کے پاس بہت سا مواد ہے مناسب وقت آنے پر فیصلہ کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں