فیفا نے پاکستان فٹبال کی رکنیت بحال کردی


لاہور: فٹبال کے عالمی نگران ادارے (فیفا) نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی معطلی ختم کردی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق اس اقدام کے بعد پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) سے منسلک تمام ٹیمیں اور کلبز انٹرنیشنل مقابلوں میں شرکت کرسکیں گے۔

فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن میں سیاسی مداخلت کی وجہ سے 10 اکتوبر کو پاکستان کی رکنیت معطل کردی تھی۔ ادارے نے واضح کیا تھا کہ اگر اب بھی معاملات درست نہ کیے گئے تو پاکستان پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔

چند روز قبل لاہور ہائیکورٹ نے فٹبال سے متعلق عدالت میں زیر سماعت کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے فیصل صالح حیات کی زیرصدارت 30 جون 2015 کو منتخب ہونے والی باڈی کو بحال کرنے کا حکم سنایا تھا۔

عدالتی فیصلے کی روشنی میں فیڈریشن کا نظام فیصل صالح حیات گروپ کے سپرد کیے جانے کے بعد فیفا نے اب پی ایف ایف کی معطلی ختم کردی ہے۔

اس اقدام کے بعد پاکستانی ٹیمیں ایشئین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) اور فیفا کے زیر اہتمام انٹرنیشنل مقابلوں میں شریک ہو سکیں گی۔

پاکستانی فٹبال آفیشلز بھی بین الاقوامی کورسز، ٹریننگ اور دیگر پروگراموں میں شامل ہوسکیں گے۔

پی ایف ایف کے صدر سید فیصل صالح حیات نے فٹبال برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل وقت میں سپورٹ کرنے پر فیفا کے صدر گیانی انفانٹینو اور اے ایف سی کے صدر شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ کے شکرگزار ہیں۔

پاکستانی سیاستدان اور پی ایف ایف کے صدر کا کہنا ہے کہ فٹبال کے فروغ کے لیے سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔

فٹبال پاکستان میں زیادہ پسند کئے جانے والے کھیلوں میں سے ایک ہے تاہم بدانتظامی اور ترجیحات کی خرابی کے سبب قومی فٹبال ٹیم اب تک خاطرخواہ کارکردگی نہیں دکھا سکی۔


متعلقہ خبریں