حکومت تاوان لینا چاہتی ہے، زرضمانت کی شرط قبول نہیں، شہبازشریف



لاہور: مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومت نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک بھیجنے کے معاملے پر زر ضمانت کی صورت میں تاوان لینا چاہتی ہے اور یہ شرط ہمیں منظور نہیں ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران شہبازشریف نے کہا کہ وزیراعظم اور ان کی سیاسی ٹیم کا کھیل قابل مذمت ہے، پاکستان کوتباہی کے دہانے پر پہنچا دیا گیا ہے، حکومت نے بدترین ڈرامہ بازی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت انڈیمنٹی بانڈ (زرضمانت) کی آڑ میں قوم کو ایک اور دھوکا دینا چاہتی ہے، انہوں نے استفسار کیا کہ کیا حکومت کے گھٹیا پن کی کوئی اورمثال ہوسکتی ہے؟

ن لیگ کے مرکزی صدر نے کہا کہ دو عدالتوں میں زر ضمانت جمع کرا چکے ہیں تو پھر حکومت کو پیسے دینے کا کیا جواز بنتا ہے۔ عمران خان چاہتے ہیں زر ضمانت لے کر قوم کو بے وقوف بنائیں کہ ہم نے پیسے نکلوا لیے ہیں۔

شہبازشریف نے کہا جب عمران خان کو چوٹ لگی تو ہم دونوں بھائی انسانیت کے ناطے دیکھنے گئے لیکن وہ چھوٹے ذہن کے مالک ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو اسپتال منتقل کیا گیا تو اگلے دن پلیٹ لیٹس 2 ہزار تک پہنچ گئے تھے، معجزانہ طور پر ان کے جسم سے بلیڈنگ نہیں ہوئی۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ حکومت نے انسانی مسئلے کو سیاسی رنگ دے دیا ہے، خدارا نوازشریف کی صحت پر سیاست کرنا بند کر دیں، قوم کسی حادثے کی متحمل نہیں ہوسکتی۔

انہوں نے کہا کہ اگر تاخیر کے سبب نوازشریف کی جان کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ داری حکومت اور عمران خان پر ہو گی۔


متعلقہ خبریں