آصف علی زرداری کی طبیعت ناساز، سانس لینے میں دشواری

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سابق صدر اور شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی آصف علی زرداری کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے۔

ذرائع ہم نیوز کا کہنا ہے کہ ایم آر آئی اسکین کے بعد سابق صدر کی تکلیف میں اضافہ ہو گیا ہے اور انہیں سانس لینے میں تکلیف اور دشواری کا سامنا ہے۔

ذرائع سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ آصف علی زرداری کو چکر اور قے کی شکایت بھی ہے جس کی وجہ سے ڈاکٹروں نے سابق صدر کو سفر کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کے بلڈ پریشر اور اور خون کے شوگر لیول میں اتار چڑھاؤ برقرار ہے۔

خیال رہے کہ دو روز قبل سابق صدر کی ایم آر آئی کرائی گئی تھی۔

آصف علی زراداری کی گراوٹِ صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے سابق صدر کو علاج کی بہتر سہولتیں دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

راجہ پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ جنگی قیدی بھی بہترین علاج کا حق رکھتے ہیں۔

چند روز قبل آصف علی زرداری اور شہید بے نظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری  نے کہا تھا کہ ہم آصف علی زرداری کی صحت یابی کے حوالے سے فکرمند ہیں، ہم ابھی تک عدالتی احکامات کے منتظر ہیں کہ وہ میرے والد کو ان کے ذاتی معالجین سے علاج کی اجازت دے۔

پمز اسپتال اسلام آباد آمد پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں آصفہ بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ صدر آصف زرداری کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے، آج انہیں عدالت بھی نہیں لے جایا جاسکا،ذاتی معالجین سے علاج کے بعد صدر زرداری کی صحت کی صورت حال کا درست اندازہ ہوگا۔

سابق صدر آصف علی زرداری کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے کہاہے کہ سرکاری ڈاکٹرز ہم سے صدر زرداری کی میڈیکل رپورٹس شیئر نہیں کررہے،ہم چاہتے ہیں کہ حکومت کے میڈیکل بورڈ میں وہ معالج بھی شامل ہوں جو صدر زرداری کا پہلے بھی طبی معائنہ کرتے رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں