جے یو آئی (ف) نے کراچی میں دھرنا دے دیا


کراچی: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ’پلان بی‘ کے تحت پارٹی کارکن پاکستان کی معاشی شہہ رگ کراچی کی مرکزی شاہراہوں پر دھرنا دے کر بیٹھ گئے۔

ہم نیوز کے مطابق کراچی میں جے یو آئی (ف) کے ضلعی صدر مولانا عمر صادق کی قیادت میں شرکاء نے لکی چورنگی اور حب ریور روڈ پر دھرنا دے دیا۔

شاہراہ بند ہونے سے حب ریور روڈ پر مال بردار اور مسافر گاڑیوں سمیت نجی گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔

دھرنے سے قبل مولانا عمر صادق نے میڈیا کو بتایا کہ دھرنا غیر معینہ مدت کے لئے ہوگا، یہاں بیٹھنے کے بعد ہفتے اور مہینے لگ سکتے ہیں لیکن احتجاج پرامن ہوگا۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضٰی وہاب کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت سے مسئلہ حل نہ ہوا، دھرنا اسلام آباد سے پورے ملک میں پھیل گیا ہے۔

صورتحال سے نمٹنے کے لئے پولیس، رینجرز اور ہنگامی حالت سے نمٹنے والی فورس کے دستے بھی  موجود ہیں۔ موٹر وے پولیس  بھی حالات سے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔

اس سے قبل چوہدری برادران سے ملاقات کے بعد پارٹی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ ہم نہیں چاہتے کہ حالات خراب ہوں تاہم حکومت اپنی ضد پر قائم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ملک کی تاریخ کا سب بڑا مارچ اور دھرنا کیا اور ہمارا احتجاج جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ کو جاری رکھے ہوئے ہیں اور ملک بھر میں اجتماع شروع ہو چکے ہیں جبکہ تمام شاہراہوں پر اجتماع جاری ہیں۔

گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں کئی روز سے جاری آزادی مارچ کا دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔


متعلقہ خبریں