سپریم کورٹ نے عمران خان کی درخواست خارج کر دی

فائل : فوٹو


اسلام آباد: سپریم کورٹ نے رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کی نااہلی کے لئے دائر درخواست خارج کردی۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے پی ٹی آئی کی منحرف رکن کی ناہلی کے لئے اپیل دائر کی تھی۔

درخواست گذار کے وکیل سکندر بشیر نے عدالت کو بتایا کہ آرٹیکل 63 ون اے کے تحت نااہلی کا معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیجا تھا۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے استفسار کیا کہ کیا عائشہ گلالئی نے پی ٹی آئی سے استعفیٰ دے دیا ہے؟ سکندر بشیر نے عدالت کو بتایا کہ تحریری استعفیٰ نہیں آیا لیکن پریس کانفرنس میں استعفیٰ دیا تھا۔

چیف جسٹس نے اس پر کہا کہ ایسے تو عمران خان نے بھی استعفیٰ دینے کا اعلان کیا تھا، استعفیٰ دے کر واپس بھی لیا جاسکتا ہے۔

بنچ کے رکن جسٹس اعجازالاحسن نے اس موقع پر کہا کہ زبانی کہنے سے استعفیٰ نہیں ہوتا ہے۔

عمران خان کے وکیل نے کہا کہ عائشہ گلالئی نے وزیراعظم کے انتخاب میں پارٹی امیدوار کو ووٹ نہ دے کر ڈسپلن کی خلاف ورزی کی ہے۔

جسٹس اعجازالاحسن نے استفسار کیاکہ کیا پارٹی چیئرمین نے خود وزیراعظم کے انتخاب میں ووٹ دیا تھا؟ وکیل سکندر بشیر نے عدالت کو بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ووٹنگ کے وقت شہر سے باہر تھے۔

چیف جسٹس آف پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ اگر عائشہ گلالئی بھی یہی کہیں کہ وہ شہر میں نہیں تھیں تو۔۔۔؟

چیف جسٹس ثاقب نثار نےکہا کہ سیاسی لوگ بیانات دیتے رہتے ہیں۔

سپریم کورٹ آف پاکستان نے عمران خان کی جانب سے دائر نااہلی کی اپیل خارج کردی۔


متعلقہ خبریں