نادرا سینٹرز روزانہ 12 گھنٹے، میگاسینٹرز 24 گھنٹے کھلے رکھنے کا اعلان


کراچی: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے چئیرمین عثمان مبین نے عوامی شکایات پر مزید چار سینٹر انچارجز کو معطل کردیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق معطل کئے گئے انچارجز کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کے احکامات بھی جاری کئے گئے ہیں۔

عوامی شکایات پر چیئرمین نادرا نے مختلف سینٹرز کا ہنگامی دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے سائلین کے مسائل دریافت کیے اور ان کے حل کی یقین دہانی کرائی۔

چیئرمین نادرا عثمان مبین کا کہنا تھا کہ سائلین اللہ تعالیٰ کے مہمان ہوتے ہیں، ان سے بدسلوکی قطعاً برداشت نہیں کی جاسکتی۔

انہوں نے کراچی کے تمام نادرا سینٹرز کو آٹھ گھنٹے کے بجائے 12 گھنٹے کھولنے کے احکامات بھی جاری کئے۔ جب کہ ہفتے کے روز بھی تمام سینٹرز کھلے رکھنے کی ہدایت کی۔

عثمان مبین کا کہنا تھا کہ کراچی میں قائم تین نادرا میگا سینٹرز اب تمام کاؤنٹرز کے ساتھ پورا ہفتہ 24 گھنٹے خدمات سرانجام دیں گے۔

حالیہ ہنگامی دورے میں چیئرمین نادرا نے ڈیفنس میگا سینٹر کی تینوں شفٹوں کے عملے کو تبدیل کرکے نیا عملہ تعینات کیا ہے۔

گزشتہ ماہ 23 فروری کو بھی چیئرمین نادرا نے مختلف سینٹرز کا ہنگامی دورہ کیا تھا۔ عثمان مبین عام شہری بن کر قطار میں کھڑے ہوئے اور شہریوں کو درپیش مشکلات کا جائزہ لیا تھا۔ اس دوران غفلت برتنے پر ایک خاتون اہلکار کو نوکری سے برخاست اور دو افسران کو معطل کردیا تھا۔

عثمان مبین نے اعلان کیا تھا کہ شہری کسی بھی نادرا سینٹر سے شناختی دستاویزات بنوا سکیں گے۔


متعلقہ خبریں