معیشت مستحکم کرنے پر معاشی ٹیم کا شکر گزار ہوں، عمران خان

حکومت کی اولین ترجیح عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے، وزیر اعظم

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ دگرگوں حالات میں ملنے والی معیشت کو مستحکم کرنے پر معاشی ٹیم کا شکر گزار ہوں۔

بجلی کی پیداوار کے سپر سکس منصوبے کے معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ہماری اسٹاک مارکیٹ آج مثبت ہے، اللہ کا شکر ہے اب ہماری سمت درست ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے پر 45کروڑ ڈالر خرچ ہوں گے جس میں سے 32کروڑ ڈالر عالمی بینک دے گا۔

تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کا پہلا سال بہت مشکل تھا، اللہ نے ہمیں بہت مشکل وقت سے گزارا ہے، سوچنا ہو گا کہ عوام کی بہتری کیسے ممکن ہے۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ دنیا میں کسی نےچین جیسی ترقی نہیں کی، چین نے اقتصادی کامیابیاں طویل مدتی پالیسیوں سے حاصل کیں، ہماری بدنصیبی قلیل مدتی منصوبہ بندی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم مہنگی بجلی کے مسئلے میں پڑے ہوئے ہیں، چین نے70 کروڑ لوگوں کو غربت سےنکالا جو کہ معجزہ ہے۔

تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان گلوبل وارمنگ سےمتاثر ہونے والا 8 واں ملک ہے اور گلوبل وارمنگ آنے والی نسلوں  کیلیے بہت بڑا چیلنج ہے۔

عمران خان نے کہا کہ درآمد شدہ پلانٹ لگاکرمہنگی بجلی پیدا کی گئی، ماحول دوست منصوبہ شروع ہونے پر بہت خوش ہوں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں سب سے مہنگی بجلی پاکستان میں بن رہی ہے حالانکہ اس ملک میں ہائیڈرو الیکٹرک سٹی کی بہت زیادہ صلاحیت ہے۔


متعلقہ خبریں