ہائی کورٹ کا فیصلہ سنانے شہباز شریف جاتی امراء پہنچ گئے

آزادی مارچ: نواز، شہباز ملاقات منسوخ

لاہور: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف جاتی امراء پہنچ گئے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ شہباز شریف اپنے بڑے بھائی سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے سے آگاہ کریں گے۔

اپوزیشن لیڈر نواز شریف سے ملاقات کے بعد کل کی سماعت پر مشاورت بھی کریں گے۔

اس سے قبل نواز شریف کا نام غیر مشروط طور پر ایگزیٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کیلئے درخواست لاہور ہائی کورٹ نے قابل سماعت قرار دے دی۔

ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق درخواست پر دو رکنی بینچ کل سماعت کرے گا۔

لاہور ہائی کورٹ نے عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق وفاق کا مؤقف مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیس پر فیصلہ یہیں ہوگا۔

دوسری جانب جاتی امراء میں سابق وزیراعظم کی بیرون ملک روانگی کے انتظامات شروع کردیے گئے ہیں۔

کچھ دیر قبل ذرائع نے بتایا تھا کہ شریف خاندان نے قطر میں موجود ایئر ایمبولینس انتظامیہ کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایات دے دی ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ شریف میڈیکل بورڈ بھی نواز شریف کو سفر کے قابل بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کر رہا ہے۔

اس سے قبل رائیونڈ میں عارضی آئی سی یو میں زیر علاج سابق وزیراعظم کی صحت  کا جائزہ لینے کے لیے ‎شریف میڈیکل بورڈ کے ڈاکٹرز کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں ‎ڈاکٹرز نے خدشہ ظاہر کیا کہ پلیٹ لیٹس بڑھانے کی کوشش میں دل کے دورے، گردوں اور دیگر اعضاء کے متاثر ہونے کے خطرات میں کئی گنا اضافہ ہوگا۔

خیال رہے کہ کچھ روز قبل وفاقی کابینہ نے سابق وزیراعظم کا ای سی ایل سے نکالنے کی مشروط منظوری دی تھی۔


متعلقہ خبریں