نوازشریف کے جسم پر سوجن اور خون کے دھبے

نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس نامکمل ہونے کا انکشاف

فوٹو: فائل


لاہور: سابق وزیراعظم نوازشریف کے جسم پر سوجن اور خون کے دھبے کم نہیں ہوئے اور ڈاکٹرز نے انہیں جلد از جلد بیرون ملک منتقل کرنے کی تجویز دی ہے۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نوازشریف کی حالت بدستور تشویشناک ہے اور شریف فیملی نے نیشنل بلڈ اینڈ بون میرو ڈیزیزز کراچی کے سربراہ ڈاکٹر طاہر شمسی کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔

شریف میڈیکل بورڈ اور ڈاکٹر طاہر شمسی  آج سابق وزیراعظم کا دوبارہ طبعی معائنہ کریں گے اور ٹیسٹوں کی روشنی میں ادویات تبدیل کی جائیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف کو سفر کے قابل بنانے والی ادویات کے استعمال کے منفی اثرات کم نہیں ہوئے۔ ڈاکٹڑ کا کہنا ہے کہ پلیٹ لٹس کی تعداد برقرار رکھنے کی کوشش کرتے ہیں تو دل سمیت دیگر امراض کے بگڑنے کا اندیشہ بڑھ جاتا ہے۔

دوسری جانب ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بتایا ہے کہ ن لیگ کے تاحیات قائد کی موجودہ صورتحال پر پارٹی اجلاس طلب کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیرائڈز کے ہائی ڈوز اور دیگر ادویات کی بنا پر بلڈ شوگر مزید بڑھ گئی ہے موجودہ منفی طبعی اثرات جان لیوا ثابت ہو سکتے ہیں۔

پارٹی ترجمان نے بتایا کہ ڈاکٹرز کا اصرار ہے کہ پہلے بہت وقت ضائع ہوچکا اور اب جلدازجلد محمد نواز شریف کو بیرون ملک منتقل کیا جائے۔

مریم اورنگزیب کے مطابق فوری تشخیص ہوئے بغیر علاج میں تاخیر سے سابق وزیراعظم کی صحت کے خطرات بڑھ رہے ہیں اور ایک دفعہ پھر ڈاکٹرز نے محمد نواز شریف کو بلا تاخیر بیرون ملک کے جانے کی وارننگ دے دی۔


متعلقہ خبریں