خوش و خرم ممالک کی درجہ بندی، پاکستان چین اور بھارت سے آگے


اسلام آباد: اقوام متحدہ نے دنیا کے سب سے زیادہ خوش ممالک کی فہرست جاری کی ہے جس کے مطابق پاکستان اپنے پڑوسی ملک بھارت سے کہیں آگے ہے۔

اقوام متحدہ کے ایک نیٹ ورک کی جانب سے شائع کردہ رپورٹ میں فن لینڈ کو پہلا نمبر دیا گیا ہے۔ 2017 میں سب سے زیادہ خوش و خرم ملک قرار پانے والا ناروے دوسرے نمبر پر ہے۔

نئی فہرست میں ڈنمارک تیسرے، آئی لینڈ چوتھے اور سویٹزرلینڈ پانچویں نمبر پر ہے۔

رپورٹ میں معاشی ترقی، اختیارات استعمال کرنے کی آزادی، زندگی کی اوسط عمر، سخاوت اور کرپشن جیسے کئی عوامل کو مد نظر رکھا گیا ہے۔

رپورٹ کے شریک ایڈیٹر جان ہیلی ویل نے بتایا کہ چار ممالک 2012 کی پہلی رپورٹ سے مستقل سر فہرست ہیں۔ ان ممالک میں ڈنمارک، سویٹزرلینڈ، ناروے اور فن لینڈ شامل ہیں۔

2017 کی رپورٹ کے مطابق دنیا کا نقشہ

2018 کی رپورٹ میں خاص پہلو یہ بھی ہے کہ اس میں تارکین وطن کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔ رپورٹ سے سامنے آیا ہے کہ فن لینڈ میں رہائش پزیر تارکین وطن دیگر ممالک کی نسبت زیادہ خوش رہتے ہیں۔

اقوام متحدہ کی نئی فہرست میں پاکستان پانچ درجے ترقی کے بعد 80 سے 75 ویں نمبر پر آگیا ہے۔ جب کہ انڈیا دس درجے تنزلی کے بعد 122 سے 133 ویں درجے پر آگیا۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان نے خوش ترین ممالک میں نہ صرف انڈیا بلکہ دیگر ہمسایوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ان میں چین (86)، بھوٹان (97)، نیپال (101)، بنگلہ دیش (115)اور سری لنکا (116) شامل ہیں۔

2008 سے 2010 کی رپورٹ کے مقابلے میں پاکستان کا درجہ صفر اعشاریہ چار پوائنٹس بہتر ہوا ہے۔ جب کہ انڈیا کا درجہ صفر اعشاریہ چھ پوائنٹس تنزلی کا شکار ہوا ہے۔


متعلقہ خبریں