نواز شریف کے معاملے میں کسی کا کوئی کردار نہیں، شیخ رشید

مولانا سے ڈیل اور ڈھیل کا تاثر درست نہیں، وزیر ریلوے

25 کے بعد سیاست میں تبدیلی آئے گی، شیخ رشید کا دعویٰ

راولپنڈی: وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ نواز کے قائد میاں نواز شریف کے معاملے میں کسی کا کوئی کردار نہیں، انہیں عدالت نے باہر جانے کی اجازت دی ہے۔

راولپنڈی میں اسٹیم انجن اسپیشل سفاری ٹرین کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے بارے میں عدالتی فیصلہ قانون کی جیت ہے،  یہ نہ حکومت کی ہار ہے اور نہ ن لیگ کی جیت۔

انہوں اس معاملے پر ’ڈیل یا ڈھیل‘ کے تاثر کی نفی کرتے ہوئے کہا کہ اسٹاک ایکسچینج کی طرح نواز شریف کے پلیٹ لیٹس اوپر نیچے جارہے تھے۔

شیخ رشید نے پاکستان کی سیاست کے خوشگوار ٹریک پر چلنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ 15 جنوری تک حالات بہتر ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز اور سینیئر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) رہنما خورشید شاہ کے علاوہ سب کی پلی بارگین ہوجائے گی۔

وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ آصف زرداری کیس میں پانچ لوگ پلی بار گین کی کوشش کر رہے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کس کے کہنے پر فیصلہ بدلا، پتہ نہیں، مولانا فضل الرحمان جیسے آئے ویسے ہی چلے گئے، ڈیل اور ڈھیل کا تاثر درست نہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے خاتمے کیلئے وزیراعظم عمران خان دن رات کوشاں ہیں، غریب کےلیے سب نے مل کر چلنا ہے۔


متعلقہ خبریں