ڈیرہ بگٹی کے حلقے این اے 259 میں شاہ زین بگٹی کامیاب

۔—فائل فوٹو۔


ڈیرہ بگٹی: قومی اسمبلی کی نشست این اے 259 کے 29 پولنگ اسٹیشنز پر غیر حتمی غیر سرکاری نتائج میں جمہوری وطن پارٹی کے نوابزادہ شاہ زین بگٹی کامیاب ہو گئے۔

ڈیرہ بگٹی میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 259 کے 29 پولنگ اسٹیشنز پر عدالتی حکم کے مطابق ووٹنگ کا سلسلہ بغیر کسی وقفے کے صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہا۔

جن پولنگ اسٹیشنز میں دوبارہ پولنگ ہوئی ان میں ڈیرہ بگٹی کے 8، سوئی کے 12، پیر کوہ کے 3 اور بی ایریا کے 6 پولنگ اسٹیشنز شامل تھے۔ جس میں جمہوری وطن پارٹی کے امیدوار نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق 22 ہزار 805 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔

ڈیرہ بگٹی کی نشست این اے 259 کے 29 پولنگ اسٹیشنز میں 115 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے تھے۔ 29 پولنگ اسٹیشنز پر 47 ہزار 269 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کرنا تھا جن میں 27 ہزار 899 خواتین اور 19 ہزار 370 مرد ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔

پولنگ اسٹیشنز پر امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے تھے جبکہ 18 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا تھا۔

اس سے قبل 15 جولائی کو این اے 259 کے 29 پولنگ اسٹیشنز میں پولنگ ہونی تھی جسے شاہ زین بگٹی کی درخواست پر رکوا دیا گیا تھا۔

یاد رہے الیکشن کمیشن نے جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ شاہ زین بگٹی کی 2018 کے انتخابات میں قومی اسمبلی کی نشست پر کامیابی کا نوٹیفیکیشن دو جولائی کو  واپس لے لیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے این اے 259 کے 29 پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا۔

واضح رہے کہ کوئٹہ کے طارق محمد کیتھران نے شاہ زین بگٹی کی کامیابی کو سپریم کورٹ میں بھی چیلنج کیا تھا۔


متعلقہ خبریں