’فضل الرحمان غلط فہمی دور کرلیں، ق لیگ وزیراعظم کیساتھ ہے‘

’بھارت نے حملہ کیا پاکستان بھرپور جواب دے گا‘

راولپنڈی: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی۔ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان غلط فہمی دور کرلیں، ق لیگ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ہے۔

راولپنڈی میں وقارالنساء کالج کی تقریب سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم بیماری پر سیاست کرنے کے قائل نہیں ہیں۔

شیخ رشید نے ن لیگ کو مشورہ دیا کہ زیادہ بیماری بیماری نہ کریں یہ نہ ہو کہ یہ فلم الٹی ہوجائے، نوازشریف باہر جاکر علاج کرائیں اور واپس آئیں ہم ان کا انتظار کریں گے۔

انہوں نے کسی ’ان ہاؤس‘ تبدیلی کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپنے پانچ سال پورے کریں گے، وفاقی کابینہ میں ردوبدل کا علم نہیں۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری ہے، اتفاق کرتا ہوں تاہم عمران خان اس کے خاتمے کے لیے کام کررہے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سینیئر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) رہنما خور شید شاہ اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز بری طرح پھنسے ہوئے ہیں، خورشید شاہ کے علاوہ پی پی کے تمام ارکان پلی بارگین پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو سرکلر ریلوے دینے پر تیار ہوں، ایم ایل ون اسی مہینے شروع ہوجائےگا۔


متعلقہ خبریں