وزیر اعظم نے غصے میں تقریر کی انہیں ٹھنڈا رہنا چاہیے، ایم کیو ایم


اسلام آباد:حکومت کے اتحادی ایم کیوایم کے سینئر ڈپٹی کنونیر عامر خان نے وزیر اعظم عمران خان کی تقریر پر سوالات اٹھا دیے کہتے ہیں کہ وزیر اعظم نے غصے میں تقریر کی وزیر اعظم کو ٹھنڈا رہنا چاہئے۔

ہم نیوز کے پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں میزبان ثمر عباس سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیوایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے کہا کہ ملک میں مہنگائی، معیشت سمیت کئی مسائل ہیں اور کشمیر کا مسئلہ بھی موجود ہے۔ وزیر اعظم عمران خان ٹھنڈے رہیں اُن پر بہت بڑی ذمہ داری ہے۔

حکومت سے اپنے اتحاد کے بارے میں بات کرتے عامر خان نے کہا کہ عمران خان نے ہمارے ساتھ 2 معاہدے کیے جن میں سے ایک پر پاکستان تحریک انصاف کے مزکری رہنما جہانگیر ترین اور دوسرے پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے دستخط ہیں لیکن ابھی تک صرف اجلاس ہی ہو رہے ہیں عملاً کچھ نہیں ہوا۔

وزیر قانون فروغ نسیم کے بانڈز کی شرط لگانے پر عامر خان نے کہا کہ ایم کیو ایم نے بطور پارٹی جو مؤقف دیا وہی میرا مؤقف ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو بغیر بانڈز کے بیرون ملک علاج کے لیے بھیجنا چاہئے تھا لیکن آخر میں وہی ہوا۔

یہ بھی پڑھیں نواز شریف کا آج ایک اور خواب پورا ہو گیا، مریم اورنگزیب

انہوں نے کہا کہ فروغ نسیم وزیر قانون ہیں اور انہیں حکومت کی بات ہی کرنا پڑتی ہے جبکہ پی ٹی آئی کے کئی اراکین اور ایم کیو ایم کی جانب سے بھی کابینہ میں کہا گیا تھا کہ نواز شریف کو باہر جانے کے لیے شرائط نہ رکھی جائیں۔

عامر خان نے کہا کہ ہم اگر ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالتے رہیں گے تو یہ ملک آگے نہیں بڑھ سکے گا۔ ہم انسان ہیں اور غلطیاں سب سے ہی ہوتی ہیں۔ کرپشن عروج پر ہے لیکن یہ عدالت اور احتساب کمیٹی کا کام ہے کہ وہ اس پر کام کرے۔ ہمیں اپنے اداروں کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔


متعلقہ خبریں