وزیر خارجہ شاہ محموقریشی کی  “کافی ٹائم “کے عنوان سے بین الاقوامی میڈیا نمائندوں کے ساتھ ملاقات


اسلام آباد: پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات اور اہم خارجہ پالیسی امور کو بین الاقوامی میڈیا پر اجاگر کرنے کے لیے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے “کافی ٹائم “کے عنوان سے بین الاقوامی میڈیا نمائندوں کے ساتھ ملاقات کے سلسلے کا آغاز کردیاہے ۔ 

“کافی ٹائم ” دراصل وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی طرف سے رابطے کے فروغ کیلئے شروع کیئے گئے سلسلے “ایف ایم کنکٹ” کی ایک کڑی ہے جس کے تحت وزیر خارجہ دانشوروں، سماجی رہنماؤں، تھنک ٹنکس، ماہرین تعلیم سمیت مختلف شعبوں سے متعلق اہم شخصیات کے ساتھ میٹنگز کریں گے تاکہ پاکستان کی خارجہ پالیسی ترجیحات کو موثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے اور ایف ایم کنکٹ کے تحت ملاقاتوں کا یہ سلسلہ تواتر کے ساتھ جاری رہے گا۔

“کافی ٹائم “بین الاقوامی میڈیا سے رابطے کی پہلی بیٹھک آج وزارت خارجہ اسلام آباد میں ہوئی۔ اس ملاقات میں پاکستان میں بین الاقوامی میڈیا کے نمائندوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

وزیر خارجہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں گذشتہ ایک سو چھ دن سے جاری بدترین محاصرے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے مفصل اظہار کیا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و امان کا خواہاں ہے مگر بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے یکطرفہ غیر آئینی اقدامات کے ذریعے خطے کے امن و امان کو تہہ و بالا کرنے کے درپے ہے ۔

انہوں نے کہا کہ امریکی کانگریس کے ٹام لنٹاس کمیشن، کی مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے حالیہ رپورٹ نے، جمہوریت کی جھوٹی دعویدار بھارت سرکار کو بے نقاب کر دیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ذرائع مواصلات پر مکمل پابندی عائد ہےانٹرنیٹ سروسز تا حال معطل ہیں – بین الاقوامی میڈیا کے نمائندوں کو مقبوضہ وادی میں جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی تاکہ حقائق کو چھپایا جا سکے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، نے کرتارپور راہداری کی صورت میں دنیا کو واضح پیغام دیا ہے کہ ہم مذہبی آزادی اور رواداری کے زریں اصولوں پر عمل پیرا ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، “افغان امن عمل” سمیت خطے میں قیام امن کے لئے اپنا مصالحتی کردار، خلوص نیت سے ادا کرتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسلاموفوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر کو روکنے اور اسلام کے اصل تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے پاکستان، ملائشیا اور ترکی جلد مشترکہ ٹی وی چینل کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو کی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی میڈیا کے ساتھ ملاقات کیلئے “کافی ٹائم” کے نام سے شروع کیا گیا یہ سلسلہ انشاءاللہ جاری رہے گا۔

بین الاقوامی میڈیا کے نمائندگان نے اس نئے سلسلے”کافی ٹائم” کو سراہتے ہوئے،بین الاقوامی میڈیا کوخصوصی توجہ دینے پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔


متعلقہ خبریں